زدوکوب کے ذریعہ مہلوک کے ارکان خاندان کو ہندوستانی فضائیہ کی ہر ممکن امداد

نئی دہلی ۔ 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) فضائی جنگجو کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا تیقن دیتے ہوئے اس کے والد کو بڑا گوشت کھانے کی افواہ پر مار پیٹ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا، ہندوستانی فضائیہ نے آج کہا کہ وہ مقامی عہدیداروں سے ربط برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ خاندان اگر خواہش کرے تو اسے فضائیہ کے زیرانتظام علاقہ میں منتقل کیا جائے گا۔ ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ایر چیف مارشل اروپ راہا نے ایک تقریب کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر ضروری مدد فراہم کریں گے۔ عہدیداروں اور ارکان خاندان سے معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ ہر ایک کی بات پر غور کیا جائے گا اور مہلوک کے ارکان خاندان کو ہر ضروری مدد فراہم کی جائے گی۔ کارپورل محمد سرتاج کے خاندان کو فضائیہ کے زیرانتظام علاقہ میں منتقل کرنے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ ارکان خاندان کو کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی کارپورل سے ملاقات کریں گے۔ فضائیہ کے سربراہ نے ہفتہ کے دن سرتاج کے والد کو بڑا گوشت کھانے کی افواہوں پر زدوکوب کرکے ہلاک کردینے کو ’’بدبختانہ‘‘ واقعہ قرار دیا تھا۔