زبیراحمد گلاسکو۔ نوارٹس کے نئے سربراہ

نئی دہلی ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی فارماسیوٹیکل کمپنی گلاسکو اسمتھ کلین پی آئی سی نے برصغیر ہند (ہندوستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش) کے نائب صدر زبیراحمد کو نوارٹس اے جی کے ساتھ مجوزہ مشترکہ وینچر کے سربراہ کی حیثیت سے ایشیا پیسیفک، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے لئے مقرر کیا ہے۔ زبیراحمد نے اس کمپنی سے 2007ء میں وابستگی اختیار کی تھی اور اب وہ اپنے نئے عہدہ پر عمل آوری کا آغاز 2015ء کے پہلے نصف سے کریں گے کیونکہ اس وقت تک ان کا موجودہ معاہدہ بھی ختم ہوجائے گا۔ یاد رہے کہ گلاسکو اسمتھ کلین اور نوارٹس نے صارفین کے ہیلتھ کیئر کاروبار کو فروغ دینے کی غرض سے اپریل میں اپنے اثاثوں کے ایک دوسرے سے تبادلے کا اعلان کیا تھا۔

زیرتربیت آئی اے ایس افسران کو راحت کاری کی ذمہ داری
سرینگر ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت جموں و کشمیر نے سیلاب زدہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کاری انجام دینے کیلئے زیرتربیت آئی اے ایس افسران کو ذمہ داری تفویض کی ہے۔ دریں اثناء ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ زیرتربیت چار آئی اے ایس افسران انشول گرگ، اونی لواسا، کرتیکابترہ اور وکاس کنڈل جو اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں زیرتربیت ہیں، انہیں وہاں سے طلب کرکے ڈیویژنل کمشنر، کشمیر کے ساتھ راحت اور بچاؤ کاری کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جہاں وہ 9 اکٹوبر سے 15 اکٹوبر تک ڈیویژنل کمشنر روہت کنسال کی معاونت کریں گے۔ ڈیویژنل کمشنر کے ساتھ خدمات انجام دینا بھی مندرجہ بالا زیرتربیت آئی اے ایس افسران کی تربیت کا حصہ تصورکیا جائے گا۔