حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سیاست کے دکن ریڈیو کی مقبولیت میں روز افزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ اس کمیونٹی ریڈیو پر ہر روز بچے ، بوڑھے ، جوان اور خواتین تعلیمی و سماجی مسائل کے بارے میں سوالات پوچھ کر تشفی بخش جوابات حاصل کرتے ہیں ۔ خاص طور پر اس کے کیرئیر گائیڈنس سے متعلق پروگرامس کافی پسند کئے جارہے ہیں ۔ دکن ریڈیو نے اپنے قیام کے 6 برسوں میں ملک کے ایک مقبول کمیونٹی ریڈیو کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ اس کے اعزاز میں ایک اور اضافہ اس وقت ہوا جب دکن ریڈیو 107.8 کے اسٹیشن مینجر زاہد فاروقی کا کمیونٹی ریڈیو اسوسی ایشن آف انڈیا کے جوائنٹ سکریٹری کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا ۔ سی آر اے کو ہندوستان میں کمیونٹی ریڈیو کا ایک معتبر ادارہ تصور کیا جاتا ہے ۔ سب سے اچھی بات یہ رہی کہ انہیں سی آر اے کے تمام ارکان کی زبردست تائید حاصل رہی ۔ نتائج کا اعلان آج سی آر اے کے صدر ڈاکٹر کندریا داس نے کیا ۔ انہوں نے جناب زاہد فاروقی کو جائنٹ سکریٹری اور مسٹر براہم پرکاش کو سکریٹری جنرل سی آر اے کی حیثیت سے منتخب قرار دیا ۔ واضح رہے کہ زاہد فاروقی دکن ریڈیو کے ذریعہ معاشرہ کی غیر معمولی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ یہ ریڈیو عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ کے تحت اور روزنامہ سیاست کی سرپرستی میں چلایا جاتا ہے اور اس نے ملک میں چلائے جانے والے 182 کمیونٹی ریڈیوز میں نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے ۔۔