واشنگٹن ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ریکس ٹلرسن نے آج امریکہ کے نئے وزیرخارجہ کی حیثیت سے حلف لیا۔ قبل ازیں سینیٹ نے ان کے نام کو قطعیت دی تھی حالانکہ ٹلرسن کے صدر روس ولادیمیر پوٹن کے ساتھ قریبی روابط کو لیکر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ 64 سالہ ایگزان موبیل کے سابق صدرنشین اور چیف ایگزیکیٹیو کو سینیٹ 43 کے مقابلے 56 ووٹ حاصل ہوئے۔ نائب صدر مائیک پنس نے انہیں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ ٹلرسن قبل ازیں کبھی بھی کسی سیاسی عہدہ پر فائز نہیں رہے۔ خصوصی طور پر روس کے ساتھ ان کے تعلقات کی کڑی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس موقع پر صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وائیٹ ہاؤس کے اوول آفس میں جہاں حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی تھی، اپنے ایک خطاب کے دوران کہا کہ آج حالانکہ مشرق وسطیٰ اور دنیا کے دیگر حصوں میں ہمیں مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود یہ ہمارا ایقان ہیکہ ہم مصائب و آلام کے اس دور میں بھی امن اور استحکام کے حصول میں کامیاب ہوجائیں گے۔