نئی دہلی 9 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ ملک میں امتحانات کا وقت قریب آ رہا ہے وزیر اعظم نریندر مودی جاریہ ماہ اپنے ماہانہ ریڈیو نشریہ ’ من کی بات ‘ میں طلبا برادری تک پہونچنے کی کوشش کرینگے ۔ اس سلسلہ میںمودی نے بورڈ امتحان لکھنے والے طلبا اور ان کے والدین سے معلومات حاصل کی ہیں۔ مودی نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ وہ اس ماہ کے ریڈیو پروگرام کے تعلق سے سوچ رہے تھے ۔ ان کے ذہن میں بات آئی کہ کیوں نہ من کی بات طلبا برادری کے ساتھ شئیر کی جائے جو بورڈ امتحان اور دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ پروگرام ہر ماہ کسی اتوار کو پیش کی جاتی ہے تاہم ماہ فبروری کے پروگرام کی تاریخ ابھی طئے نہیں کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح وہ اس بار بھی طلبا برادری اور ان کے والدین کی کچھ سوچوں کو پیش کرینگے اور اس پروگرام میں ان طلبا کے ساتھ گھلنے ملنے کی کوشش کرینگے جو مسابقتی امتحان تحریر کرنے والے ہیں۔