پاناجی۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گوا کی ایک عدالت نے آج سینئر جرنلسٹ ترون تیج پال کے خلاف ریپ کیس میں الزامات وضع کرنے کا حکم جاری کیا۔ تیج پال پر تقریباً 4 سال قبل ایک سابقہ خاتون رفیق کار پر جنسی حملہ کرنے اور اسے عصمت ریزی کا شکار بنانے کا الزام ہے۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس جج وجئے پال نے 54 سالہ تیج پال کی اپنے خلاف الزامات حذف کردینے کی درخواست خارج کردی۔ عدالت نے کہا کہ تیج پال کے خلاف کوئی بھی الزامات ہٹائے نہیں گئے ہیں۔ عدالت نے میڈیا کو اس کیس کی کارروائی کے کوریج سے منع کیا ہے۔
بلووہیل : مرکز سے جواب مطلوب
ممبئی ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بامبے ہائیکورٹ نے آج مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ اس مفاد عامہ کی درخواست کے جواب میں حلفنامہ داخل کرے جس میں بلووہیل چیلنج آن لائن گیم پر امتناع عائد کرنے کی استدعا کی گئی ہے، جس سے ملک میں خودکشی کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔ یہ پی آئی ایل گذشتہ روز شہر کی این جی او ’سٹیزن سرکل فار سوشیل ویلفیر اینڈ ایجوکیشن‘ نے داخل کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہیکہ اس آن لائن گیم پر امتناع عائد کیا جائے۔