28 ستمبر کو تجارتی اداروں کا بند، کانفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کا اعلان
حیدرآباد۔23ستمبر(سیاست نیوز) ریٹیل شعبہ میں بیرونی راست سرمایہ کاری کے خلاف 28 ستمبر کو ملک بھر میں تاجرین کی جانب سے تجارتی اداروں کا بند منایاجائے گا۔ حالیہ عرصہ میں والمارٹ اور فلپ کارٹ کے درمیان ہوئے معاہدہ کے علاوہ ریٹیل شعبہ میں بیرونی راست سرمایہ کاری کے خلاف تجارتی ادارو ںکے بند کی اپیل کرتے ہوئے کانفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کے ذمہ داروں نے کہا ہے کہ ہندستان میں تجارتی شعبہ کی تباہی کے خلاف منائے جا نے والے اس بھارت بند کی سیاسی جماعتوں کو تائید کرنی چاہئے کیونکہ بیرونی راست سرمایہ کاری کے سبب چھوٹے تاجرین اور ٹھوک بیوپاریوں کے کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہوتے جا رہے ہیں اور ان حالات میں تاجرین معاشی بحران کا شکار ہونے لگے ہیں۔ مسٹر پروین کھنڈیلوال اور مسٹر بی سی بھارتیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بیرونی راست سرمایہ کاری کے متعلق حکومت کی پالیسی مخالف تاجرین ہے اسی لئے 28 ستمبر کو کانفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس نے تجارتی اداروں کا بند منانے کا فیصلہ کیا ہے اور ملک کی تمام ریاستوں کی تجارتی تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے وہ اس بند میں شامل ہوتے ہوئے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج میں شامل ہوں تاکہ ہندستان میں چھوٹے تاجرین اور ٹھوک بیوپاریوں کے مستقبل کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ کانفیڈریشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایف ڈی آئی بیرونی راست سرمایہ کاری کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کی برخواستگی تک احتجاج کو جاری رکھنے پر غور کیا جائے گا۔