ریونیو ریکارڈ میں اُلٹ پھیر کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ:بائیں بازو

حیدرآباد 5 اپریل (سیاست نیوز) نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ و عوامی ضروریات کے مطابق نئے ریونیو ایکٹس (محکمہ مال کے قوانین) مرتب کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں بائیں بازو جماعتوں کے زیراہتمام منعقدہ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کے شرکاء نے مذکورہ اظہار خیال کیا اور کہاکہ ریاست کے موجودہ ریونیو ایکٹس (محکمہ مال کے قوانین) کے بجائے متبادل جامع قوانین سے متعلق تجاویز پیش کرکے ان پر مؤثر عمل آوری کے لئے حکومت پر دباؤ میں اضافہ کرنے کے لئے جدوجہد یا خصوصی تحریک شروع کی جانی چاہئے۔ تلنگانہ ریاست میں ریونیو ایکٹس، تجزیہ و متبادل تجاویز کے موضوع پر منعقدہ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں بتایا گیا کہ 1954 ء کے دوران تلنگانہ میں اراضیات کا سروے کیا گیا تھا اور اس کے بعد دوبارہ سروے نہیں کیا جاسکا لہذا ریاست تلنگانہ میں تمام اراضیات کا ازسرنو سروے کروانے کی ضرورت پر اس کانفرنس میں زور دیا گیا۔ اس کانفرنس کے شرکاء نے یہ بھی بتایا کہ اسائینڈ اراضیات قانون 1977 ء میں مرتب کیا گیا لیکن اس قانون کی مکمل طور پر خلاف ورزیاں کی گئیں اور حکومت بھی خاموش تماشائی بنی رہی۔ لہذا مذکورہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ علاوہ ازیں سابقہ تمام تر ریونیو ریکارڈس میں اُلٹ پھیر کی گئی۔ لہذا اس مسئلہ پر بھی نہ صرف سنجیدگی سے بلکہ اس مسئلہ کا انتہائی گہرائی کے ساتھ مکمل جائزہ لے کر ریونیو ریکارڈس میں اُلٹ پھیر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئے۔