حیدرآباد 11 جون (سیاست نیوز) نو برائے ووٹ معاملہ میں گرفتار تلگو دیشم رکن اسمبلی اے ریونت ریڈی آج اپنی دُختر کی منگنی تقریب میں شرکت کے بعد چرلہ پلی جیل واپس ہوگئے۔ عدالت نے ریونت ریڈی کو دُختر کی منگنی میں شرکت کیلئے 12 گھنٹوں کیلئے ضمانت پر رہائی کی ہدایت دی گئی تھی ۔ مسٹر ریڈی آج صبح چرلہ پلی جیل سے 7:30 بجے اپنی قیام گاہ پہونچے ۔ بعد ازاں این کنونشن سنٹر مادھا پور پہونچ گئے اور پھر تقریب مکمل ہونے کے بعد 2:30 بجے دوپہر مکان واپس ہوئے ۔ 1:30 گھنٹے تک افراد خاندان کے ساتھ وقت گذارا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریونت ریڈی نے چونکہ چرلہ پلی جیل شہر سے کافی فاصلہ پر رہنے کی وجہ سے ٹریفک مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے 6 بجے سے پہلے چرلہ پلی جیل پہونچنے کی خاطر تقریباً 4 بجے دوبارہ چرلہ پلی جیل پہونچنے کیلئے اپنی قیام گاہ سے روانہ ہوگئے۔ اس طرح وہ عارضی ضمانت پر رہائی کے ذریعہ تقریب میں شرکت کرکے دوبارہ جیل روانہ ہوگئے۔