ریونت ریڈی کو کانگریس میں اہم عہدہ دیا جائیگا : اتم کمار ریڈی

دیگر جماعتوں کے کئی قائدین کانگریس سے رابطے میں۔ صدر پردیش کانگریس کا ادعا

حیدرآباد /3 نومبر ( سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی کو کانگریس میں اہم اور بڑا عہدہ دیا جائے گا ۔ دوسری جماعتوں کے مزید کئی قائدین کانگریس سے رابطے میں ہے ۔ مرحلہ وار اساس پر انہیں کانگریس میں شامل کیا جائے گا ۔ آج ضلع رنگاریڈی کے 200 تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس قائدین و کارکنوں نے گاندھی بھون پہونچکر صدر پردیش کانگریس سے ملاقات کرکے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے اور 2019 میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کو کانگریس میں اہم اور بڑا عہدہ دیا جائیگا ۔ ان کے ساتھ کانگریس میں شامل ہونے والے سیتا اُما ، ویم نریندر ریڈی ، وجئے رمنا راؤ ، اے نرسا ریڈی کو اسمبلی ٹکٹ دیا جائیگا ۔ دوسرے قائدین سے بھی انصاف کیا جائیگا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس 2019 کے عام انتخابات میں تمام اسمبلی حلقوں پر مقابلہ کریگی ۔ کانگریس کے پاس چیف منسٹر کے خلاف اسمبلی حلقہ گجویل اور ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کے خلاف اسمبلی حلقہ سرسلہ میں مقابلہ کرنے کیلئے طاقتور امیدوار موجود ہیں ۔ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ پر وزیر ہریش راؤ کے خلاف مقابلہ کیلئے طاقتور امیدوار کی تلاش جاری ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ حکومت کے خلاف عوام میں برہمی تیزی سے بڑھتی جاری ہے ۔ ریاست کے عوام کانگریس سے امیدیں لگائے ہوئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے حکومت کی ناکامیوں کا پردہ فاش کر رہی ہے ۔ حکمران ٹی آر ایس کے بشمول دیگر جماعتو ںکے کئی قائدین کانگریس سے رابطے میں ہیں ۔ انہیں مرحلہ وار اساس پر پارٹی میں شامل کرتے ہوئے کانگریس کو اور بھی طاقتور بنایا جائیگا ۔ انہوں نے کانگریس میں شامل ہونے والے قائدین کے ناموں کو راز میں رکھتے ہوئے کہا کہ وقت آنے پر سب کچھ معلوم ہوجائے گا ۔ بی جے پی کے قائد سابق ریاستی وزیر این جناردھن ریڈی کے کانگریس میں شامل ہونے کے سوال پر اتم کمار ریڈی نے کسی تبصرہ سے انکار کردیا ۔