حیدرآباد /3 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے پریسیڈنٹ اے ریونت ریڈی سے انکم ٹیکس عہدیداروں نے آج 6 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی ۔ آج صبح 11 بجے پوچھ تاچھ کا آغاز بشیر باغ میں واقع انکم ٹیکس ہیڈ آفس آئیکر بھون میں ہوا جس کا سلسلہ شام 5 بجے دن تک جاری رہا ۔ آئی ٹی عہدیداروں کی جانب سے سینئیر کانگریس لیڈر کو پوچھ تاچھ کیلئے طلب کئے جانے کے نتیجہ میں ریونت ریڈی کے سینکڑوں حامی آئی ٹی ہیڈ آفس پہونچ گئے اور وہاں مظاہرے کرتے ہوئے اپنے لیڈر کے حق میں نعرے بازی کرنے لگے ۔ پولیس نے اس موقع پر بھاری پولیس فورس تعینات کردیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ریونت ریڈی سے پوچھ تاچھ کی مکمل ویڈیو گرافی کی گئی اور دوپہر کے کھانے کے وقفہ سے بعد پوچھ تاچھ کا سلسلہ جاری رہا ۔ آئی ٹی عہدیداروں کی اس کارروائی کے بعد ریونت ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عہدیداروں سے مکمل تعاون کیا اور ان کے تمام سوالوں کے جوابات دئے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر ان پر شخصی حملے کر رہے ہیں اور ان پر دھاوے کروانا دونوں کا اہم مقصد ہے ۔ کانگریس قائد نے کارگذار حکومت پر الزام عائد کیا کہ ریاست میں پولیس مشنری کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے اور آئی ٹی حکام کے بھیس میں ٹاسک فورس پولیس اور انٹلی جنس عملہ ان پر اور ان کے حامیوں کے مکانات پر آئے دن دھاوے کر رہے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کے خلاف کے سی آر کی خانگی فوج کام کر رہی ہے ۔کے سی آر اس قسم کی حرکتوں سے انتخابات میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ آئی ٹی حکام نے ریونت ریڈی کو 23 اکٹوبر کو دوبارہ حاضر ہونے کی ہدایت دی۔