صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی راہول گاندھی کے ذریعہ 9کمیٹیوں کی تشکیل
حیدرآباد ۔19ستمبر ( سیاست نیوز) صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی راہول گاندھی نے ریونت ریڈی او رپونم پربھاکر کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹس نامزد کیا اور ساتھ میں کمیٹیاں تشکیل دی ہے ۔ ملو بٹی وکرامارک کو انتخابی مہم کمیٹی کا صدر نشین بنایا گیا ۔سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کو انتخابی منشور کمیٹی کا صدر نشین نامزد کیا گیا ۔ وی ہنمنت راؤ کو انتخابی حکمت عملی اور پلاننگ کمیٹی کا صدرنشین نامزد کیا گیا جبکہ تادیبی کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے کونڈا ریڈی کو نامزد کیا گیا ہے ۔ آر سی کنٹیا رابطہ کمیٹی کے صدرنشین ہوں گے ۔ تلگودیشم سے کانگریس میں شامل ہونے والے شعلہ بیان مقرر ریونت ریڈی کو ورکنگ پریسیڈنٹ کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے تلنگانہ میں کانگریس پارٹی قائدین کومتحرک کرنے اور پارٹی کارکنوں میں نیا جوش و خروش پیدا کرنے کی کوشش کی ہے جس کے بعد کانگریس قائدین کی سرگرمیوں مں اچانک اضافہ ہوگیا ہے ۔ 15رکنی کور کمیٹی میں اے آئی سی سی انچارج سکریٹری تلنگانہ کانگریس اُمور آر سی کنٹیا ‘اُتم کمار ریڈی ‘ جانا ریڈی ‘ محمد علی شبیر ‘ ملو بٹی وکرامارک ‘ اے آئی سی سی سکریٹری سلیم احمد کے علاوہ وی ہنمنت راؤ ‘ دامودھر راج نرسمہا وغیرہ کو شامل کیا گیا ہے ۔ 53 رکنی نئی جمبو جٹ کوآرڈینیشن کمیٹی ( رابطہ کمیٹی) تشکیل دی گئی ہے ۔ 4مسلم قائدین سلیم احمد ‘ محمد علی شبیر ‘ ایم اے خان اور محمد سراج الدین کے علاوہ تمام اہم قائدین کو شامل کیا گیاہے ‘ جس کے صدر نشین اے آئی سی سی انچارج سکریٹری آر سی کنٹیا ہوں گے ۔ دیگر ارکان میں رینوکا چودھری ‘ سبیتا اندرا ریڈی ‘ انجن کمار یادو ‘ سروے ستیہ نارائنا ‘ ٹی جیون ریڈی ‘ مدھو گوڑ یاشکی ‘ کے جانا ریڈی ‘ اے سمپت کمار ‘ پنالہ لکشمیا ‘ ریونت ریڈی ‘ نندی ایلیا ‘ ڈی کے ارونا ‘ ایس جئے پال ریڈی ‘ پی وشنو وردھن ریڈی ‘ ٹی جگا ریڈی ‘ جی نرنجن کے علاوہ دوسرے قائدین شامل ہیں ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ملو بٹی وکرامارک کی قیادت میں انتخابی مہم کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ ڈی کے ارونا کو چیرمین اور ڈاکٹر شراون کنوینر ہوں گے ۔ ارکان میں صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل ‘ کارتک ریڈی ‘ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو ‘ صدر این ایس یو آئی وی وینکٹیش ‘ بلیا نائیک کے علاوہ عثمانیہ یونیورسٹی کے دو طالب علم کے علاوہ اس کمیٹی میں جملہ 17ارکان شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ 41 رکنی پردیش الیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں تین مسلم قائدین محمد علی شبیر ‘ ایم اے خان اور عابد رسول خان شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ تمام اہم قائدین کو بھی اس کمیٹی میں جگہ فراہم کی گئی ہے ۔ خصوصی مدعوئین میں 11ارکان کو شامل کیا گیا ہے جس میں کانگریس کے تمام محاذی تنظیموں کو نمائندگی دی گئی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین بھی شامل ہیں ۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کی قیادت میں انتخابی منشور کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو کوچیرمین اور بی مہیش کمار گوڑ کو کنوینر نامزد کیا گیا ہے ۔ اس کمیٹی میں 5 مسلم قائدین عابد رسول خان ‘عظمت اللہ حسینی ‘ محمد سراج الدین ‘ عبید اللہ کوتوال اور طاہر بن حمدان کو شامل کیا گیاہے ۔35 رکنی اس کمیٹی میں پارٹی کے تمام سینئر قائدین شامل ہیں ۔ کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ کی قیادت میںحکمت عملی اور پلاننگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ایم اے خان ‘ ڈاکٹر ناگم جناردھن ریڈی ‘ پریم لعل ‘ سروے ستیہ نارائنا ‘ پی سدھاکر ریڈی ‘ ایس جئے پال ریڈی وغیرہ شامل ہیں ۔ ایل ڈی ایم آر سی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ اے موہن اس کے صدرنشین ہوں گے ۔ جبکہ رویندر نائیک کو چیرمین ‘ ایچ وینو گوپال کنوینر ہوں گے ۔ ایم ششی دھر ریڈی کی قیادت میں الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ کملاکر راؤ کو چیرمین اور جی نرنجن کنوینر ہوں گے ۔ ارکان میں عابد رسول خان وغیرہ شامل ہیں ۔ سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی کی قیادت میں 7 رکنی تادیبی کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں شیام موہن کو کوچیرمین اور بی کملاکر کو کنوینر نامزد کیا گیا ۔ ارکان میں نندی ایلیا ‘ ایس چندر شیکھر ‘ پی بلرام نائیک اور سی جے سرینواس راؤ شامل ہیں ۔ صدر کانگریس راہول گاندھی کی منظوری کے بعد جنرل سکریٹری اے آئی سی سی اشوک چوہان نے کمیٹیوں کی فہرست جاری کردی ۔