ریل کرایوں میں اضافہ سے جزوی دستبرداری

نئی دہلی 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) خود حکومت کے اندرونی حلقوں اور حلیف جماعتوں کے دباؤ کے آٓگے جھکتے ہوئے آج ریلویز نے ریلوے کرایوں میں اضافہ میں جزوی دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریلویز نے اعلان کیا ہے کہ 80 کیلو میٹر تک سکنڈ کلاس سب اربن سفر کو 14.2 فیصد اضافہ سے استثنی حیاصل رہے گا ۔ اس کے علاوہ ماہانہ سیزن ٹکٹ ہولڈرس کیلئے بھی اس اضافہ میں کمی کا اعلان کیا ہے ۔ حکومت کے ان اقدامات کے نتیجہ میں لاکھوں یومیہ صارفین کو عام طور پر میٹرو اور دیگر بڑے شہروں میں فائدہ ہوگا ۔ وزارت ریلوے نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ مسافر کرایوں میں 14.2 فیصد اضافہ کیا جائیگا

تاہم اب اس فیصلے کا سکنڈ کلاس سب اربن سفر 80 کیلو میٹر تک پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا ۔ ریلوے کے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سکنڈ کلاس سب اربن آرڈینری شرح میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا جو 80 کیلومیٹر تک کے سفر تک مشتمل ہونگے ۔ نظرثانی شدہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ غیر ریزرویشن زمرہ میں اس اضافہ پر 25 کی بجائے 28 جون سے عمل آوری ہوگی ۔ دیگر تمام زمروں میں اضافہ پر 25 جون سے ہی عمل آوری ہوگی ۔

ریلویز نے ماہانہ پاس ہولڈرس کیلئے بھی کچھ راحت فراہم کی ہے جس کے نتیجہ میں ایک مہینے میں غیر محدود مرتبہ سفر کرنے پر انہیں صرف 15 مرتبہ سفر کی ادائیگی کرنی ہوگی ۔ تاہم ایم ایس ٹی پر 14.2 فیصد اضافہ کا اطلاق ہوگا ۔ آج جاری کردہ نظرثانی شدہ اعلان کے مطابق پانچ کیلو میٹر تک کے ماہانہ سیزن ٹکٹ میں ہونے والا اضافہ میں 50 روپئے کی کمی ہوگی اور یہ 150 کی بجائے 100 روپئے کا ہوگا ۔ یہ کمی اگر 150 کیلومیٹر تک کے سفر پر لاگو ہوئی تو 520 روپئے کی ہوگی ۔ آج ہی مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے بی جے پی اور شیوسینا ایم پیز نے وزیر ریلوے سدانند گوڑا سے ملاقات کرکے کرایوں میں اضافہ سے دستبرداری کا مطالبہ کیا تھا اور خاص طور پر زور دیا تھا کہ اس کے نتیجہ میں ممبئی سب اربن مسافرین زیادہ متاثر ہونگے ۔ کل شیوسینا نے اپنے اخبار سامنا کے اداریہ میں اس اضافہ پر شدید تنقید کی تھی اور یہ سوال کیا گیا تھا کہ آیا یہ وہی اچھے دن ہیں جن کا وعدہ کیا گیا تھا ؟ ۔