ریل بجٹ میں منصوبے موجود ایکشن پلان ندارد

پٹنہ 26 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) پارلیمنٹ میں آج پیش کئے گئے بجٹ سے غیر متاثر چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہا کہ یہ بجٹ اچھے خیالات کا مجموعہ ضرور ہے لیکن اس میں کوئی ایکشن پلان نہیں ہے ۔ نتیش کمار نے بجٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا سے کہا کہ یہ بجٹ ایسا ہے کہ ٹرین کوچ تو موجود ہے لیکن مسافرین نہیں ہیں۔ نتیش کمار سابق این ڈی اے حکومت میں اٹل بہاری واجپائی کابینہ میں وزیر ریلوے رہ چکے ہیں۔ نتیش کمار نے بجٹ پیشکشی کا ٹی وی پر مشاہدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ یہ اچھا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا ہے لیکن چونکہ ڈیزل کی قیمت میں بین الاقوامی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے گراوٹ آئی ہے اس لئے ریل کرایوں میں در حقیقت کمی کی جانی چاہئے تھی ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تقریر ضرور ہے لیکن کوئی ایکشن پلان نہیں ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حالانکہ بجٹ تقریر سریش پربھو نے ایوان میں سنائی ہے لیکن یہ سب کچھ بہت پہلے ہی کسی نے تیار کرلیا تھا ۔ چیف منسٹر بہار نے بہار میں زیر التوا ریلوے پراجیکٹس کے تعلق سے کسی طرح کے اعلان سے گریز پر تنقید کی اور کہا کہ حکومت نے چھاپرا اور مدھے پورہ پراجیکٹس کے تعلق سے مکمل خاموشی اختیار کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میگا ریلوے برجس کے تعلق سے بھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ بہار میں اس طرح کے تین برجس تعمیر کئے جانے ہیں۔ اس وضاحت پر کہ نئی ٹرینوں کے آغاز کا اور مسافروں کی تعداد میں اضافہ کا بعد میں اعلان کیا جائیگا مسٹر کمار نے طنزیہ ریمارک کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ ریلوے بجٹ کو دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے ۔