ریلوے فُٹ اوور برج کی تعمیر میں آرمی کا تعاون حکومت کی نااہلی

ممبئی، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرحکومت کی جانب سے الفسٹن ریلوے اسٹیشن، کری روڈ ریلوے اسٹیشن نیز امبیولی ریلوے اسٹیشن پرفوٹ اووربرج کی تعمیر کا کام فوج کو سونپے جانے کے فیصلے پر راشٹروادی کانگریس پارٹی نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے حکومت نے خود اپنی نااہلی ثابت کردی ہے ۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت خود یہ کام نہیں کرسکتی۔ پارٹی کے قومی ترجمان نواب ملک نے اپنے ٹوئیٹر پر اس فیصلے کی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی ہر محاذ پر ظاہر ہورہی ہے ، حکومت یہ بھی نہیں کرسکتی کہ وہ ریلوے اسٹیشنوں پر فوٹ اوور بریج بناسکے ۔ اسی کے ساتھ اس فیصلے سے ریلوے محکمہ کی بھی لاچاری ظاہر ہوتی ہے کہ وہ اس قابل بھی نہیں ہے کہ جو کام اس کا ہے وہ ہی کرسکے ۔ حکومت کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے نواب ملک نے مزید کہا کہ حکومت کا نکما پن ہر جگہ ظاہر ہورہا ہے ، چاہے وہ کسانوں کی قرض معافی کا معاملہ ہو یا شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا معاملہ۔