ریلوے بجٹ میں سکیوریٹی، صحت اور صفائی پر خصوصی اہمیت

اندرون دو سال مثبت نتائج، مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو کا ادعا
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے ریلوے بجٹ کی زبردست ستائش کرتے ہوئے ریلوے بجٹ کو ترقی پر مبنی بجٹ سے تعبیر کیا اور کہاکہ اس بجٹ میں سکیوریٹی، صحت و صفائی وغیرہ پر ریلوے بجٹ میں خصوصی اہمیت دی گئی اور ریلوے بجٹ کا اثر ابھی معلوم نہیں ہوگا بلکہ ایک دو سال میں بجٹ کی حقیقت کا اظہار ہوگا۔ آج یہاں اپنے قیام حیدرآباد کے دوران اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وینکیا نائیڈو نے سابق حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ سابقہ حکومتوں کی طرح سابقہ بجٹ میں دیئے گئے تیقنات کو پورا کرنے کیلئے مزید 40 سال درکار ہوں گے لہذا نئے بجٹ میں نئے تیقنات دیکر عوام کو دھوکہ میں رکھنا مرکزی حکومت نہیں چاہتی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان کی ترقی کی شرح 8 فیصد ہونے کی قوی توقع ہے۔ یہ بات معاشی سروے رپورٹ کی روشنی میں بتائی گئی۔ علاوہ ازیں دیگر سروے رپورٹس میں بھی ہندوستان کی ترقی کی شرح چین سے بھی متجاوز کرجانے کا اظہار کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ جاریہ پارلیمنٹ سیشن میں اب تک ہی جاری کردہ 6 آرڈیننس پر مباحث کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے یاد دلایا کہ آرڈیننس جاری کئے جانے کے بعد جو پروگرامس انجام دیئے گئے وہ قانون کے دائرہ میں کئے گئے۔ جبکہ حصول اراضی قوانین میں تبدیلی لانے کیلئے وزیراعظم کی صدارت میں منعقدہ ارکان پارلیمان کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حصول اراضی آرڈیننس سے کسانوں کو ہرگز کسی قسم کا نقصان نہیں ہوگا کیونکہ کسانوں کو دیئے جانے والے معاوضہ میں کوئی کمی نہیں کی جارہی ہے۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے کہاکہ کوئلہ اسکام کے باعث سپریم کورٹ نے جن کوئلہ کی کانوں کے گتوں کو منسوخ کیا تھا، ان کوئلہ کی کانوں کا دوبارہ ہراج کیا جائے گا اور ہراج معاملہ میں مکمل شفافیت برتی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کوئلہ کی پیداوار میں اضافہ کرنے، برقی پیداوار کو بڑھانے کیلئے مکمل تعاون کرنے ریاستی حکومتوں کو زیادہ سے زیادہ رعایتیں فراہم کرنے و مرکزی حکومت کی آمدنی میں بھی اضافہ کرنا ہی اپنا مقصد رکھتی ہے۔ اُنھوں نے اخباری نمائندوں کے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ آندھراپردیش کے سلسلہ میں دیئے گئے تیقنات کو پورا کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ تاہم اس کیلئے کچھ وقت ضرور درکار ہوگا۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے مزید کہاکہ آئندہ پانچ سال کے دوران آندھراپردیش ریاست کیلئے دو لاکھ کروڑ روپئے مرکز سے بطور امداد حاصل ہوں گے۔