حیدرآباد ۔ 23فبروری (سیاست نیوز) ریلوے اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں صاف صفائی سے متعلق 24 فبروری سے 10 یوم کی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ اس ضمن میں جنرل منیجر ساوتھ سنٹرل ریلوے مسٹر پی کے سریواستو نے ڈیویژن ریلوے منیجرس کو ہدایت جاری کی ہے۔ جنرل منیجر آج یہاں ریل نیلائم سکندرآباد میں ڈیویژن سطح کے ریلوے منیجرس سے ویڈیو کانفرنس سے مخاطب تھے۔ اس کانفرنس میں 6 ڈیویژنس کے ڈیویژنل منیجرس جیسے سکندرآباد، حیدرآباد، وجئے واڑہ، گنٹور، گنتکل اور ناندیڑ کے منیجرس نے حصہ لیا۔ اس موقع پر مسٹر پی کے سریواستو نے منیجرس کو ہدایت دی کہ وہ ریلوے اسٹیشنوں اور ریل گاڑیوں میں صاف صفائی پر توجہ دیں اور اس کا جائزہ لیں۔ ہر ایک ڈیویژن کے تحت پانچ اسٹیشنوں کی نشاندہی کی گئی جہاں پر خصوصی مہم کے تحت صاف صفائی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے سلسلہ خطاب میں ڈیویژنل ریلوے منیجرس کو مزید ہدایت دی کہ وہ یومیہ حاصل ہونے والی شکایتوں کا جائزہ لیکر اس کا ازالہ کریں۔ جنرل منیجر نے بتایا کہ جنوری 2015ء تک ایس سی آر کے مالی سال کے اختتام تک زون میں 10 فیصد فرائیٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔