ریزرو بینک کو ہنوز 6.7فیصد شرح ترقی کی امید

ممبئی،6دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اقتصادی ترقی کی شرح 5.7فیصد اور دوسری سہ ماہی میں 6.3 فیصد رہنے کے باوجود ریزرو بینک کو امید ہے کہ رواں مالی سال میں ترقی کی شرح 6.7 فیصد رہے گی۔ رواں مالی سال کی پانچویں مالیاتی پالیسی جائزہ کے بعد آر بی آئی گورنر ارجت پٹیل نے آج کہا کہ حال میں مہنگائی کی شرح بڑھنے اور خریف موسم میں فصلوں کی پیداوار گھٹنے اور ربیع موسم میں بوائی کم رہنے سے اقتصادی ترقی کی شرح پر منفی اثر پڑسکتا ہے ۔ جبکہ حالیہ مہینوں میں قرض میں اضافہ اور سرکاری بینکوں میں دوبارہ سرمایہ ڈالنے کے حکومت کے فیصلے سے اس پر مثبت اثر پڑے گا۔ اس کے مدنظر مالیاتی پالیسی کمیٹی نے مالی سال 2-17-18 کے لئے ترقیاتی شرح کا ازسرنو اندازہ 6.7فیصد رکھا ہے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ پورے مالی سال کے لئے 6.7 فیصد کی ترقی کی شرح حاصل کرنے کے لئے تیسری اور چوتھی سہ ماہی میں ترقی کی شرح کتنی ہونی چاہئے مسٹر پٹیل نے کہا کہ آر بی آئی کا اندازہ ہے کہ تیسری سہ ماہی میں یہ سات فیصد اور چوتھی سہ ماہی میں 7.8فیصد رہے گی۔