ورنگل کے ہاسپٹل میں سہولتوں کے فقدان پر وزیر صحت پر تنقید ، تلگو دیشم قائدین کا ردعمل
حیدرآباد۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں گزشتہ تین سال کے دوران پیش آئے ریت مافیا ، اراضیات مافیا اسکامس اور ڈرگس مافیا واقعات میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے قریبی رشتہ داروں کے خلاف درج کردہ کیسیس کی کارروائیاں آگے نہیں بڑھ رہی ہیں۔ سابق وزیر و سینئر تلگو دیشم پارٹی قائد ای پیدی ریڈی نے حکومت پر یہ الزام عائد کیا۔ قومی جنرل سیکریٹری تلگو دیشم کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پیدی ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت میں عوام نے ریاست کی ’’تین پھول اور چھ پھل‘‘ کے مترادف ترقی کی توقع کی تھی لیکن حکومت میں 30 اسکام اور 60 جھوٹ کہنے کے مترادف ریاستی نظم و نسق چل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ میں جمہوری انداز کی حکومت کے بجائے صرف شاطرانہ و خاندانی حکومت چل رہی ہے۔ اس دوران آر پرکاش ریڈی قومی جنرل سیکریٹری تلگو دیشم نے وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں سرکاری دواخانوں کو عصری سہولتوں و طبی آلات سے آراستہ کئے جانے سے متعلق وزیر صحت کے بیانات کا مذاق اڑایا اور کہا کہ ورنگل ضلع کے ایم جی ایم ہاسپٹل میں بہترین طبی سہولتیں فراہم کی تھیں، لیکن آج اس دواخانہ میں مسائل، مریضوں کو درپیش مشکلات آیا، لکشما ریڈی کو دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ ہاسپٹل میں تقریباً 50% ڈاکٹرس، اسٹاف اور سہولتوں کا فقدان ہے جس کی وجہ سے کئی مریضوں کی اموات واقع ہورہی ہیں۔ پرکاش ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ وزیر بذات خود اس ہاسپٹل کا دورہ کریں تو ان تمام مسائل کے ثبوت بھی پیش کرنے کیلئے تیار رہنے کا چیلنج کیا اور وزیر صحت کو مشورہ دیا کہ وہ صرف زبانی اعلانات کرنے کے بجائے عملی اقدامات کریں۔