پہلے مرحلہ کے استفادہ کنندگان کو ہی رقم کی منتقلی ۔ الیکشن کمیشن کی مشروط اجازت
حیدرآباد /5 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) الیکشن کمیشن نے ریتو بندھو اسکیم کے چیکس مشروط تقسیم کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کارگذار ٹی آر ایس حکومت کو راحت فراہم کی ہے ۔ بنک کھاتوں میں چیکس منتقل کرنے ‘ پہلے مرحلے میں جن کسانوں کو اسکیم سے فائدہ پہونچایا گیا تھا صرف انہیں چیکس تقسیم کرنے اور نئے کسانوں کو شامل نہ کرنے ہدایت دی ۔ کچھ جماعتوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجانے کے بعد بتکماں ساڑیوں اور ریتو بندھو اسکیم چیکس کی تقسیم پر اعتراض کیا تھا ۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے اعتراضات کو سنٹرل الیکشن کمیشن سے رجوع کردیا تھا ۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد سنٹرل الیکشن کمیشن نے بتکماں ساڑیوں کی تقسیم پر امتناع عائد کردیا تاہم آج ریتو بندھو اسکیم چیکس مشروط تقسیم کرنے کی اجازت دی ہے ۔ ماضی میں جن استفادگان میں چیکس تقسیم کئے گئے تھے صرف انہیں کو چیکس منتقل کرنے کو کہا گیا ہے ۔ وزراء اور عوامی نمائندوں کے ہاتھوں چیکس تقسیم کی بجائے بنک اکاونٹس میں چیکس جمع کرانے کی ہدایت دی ۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے کسانوں میں دوسرے مرحلے کے ریتو بندھو چیکس تقسیم کرنے کی راہت ہموار ہوئی ہے ۔ کے سی ار حکومت نے جاریہ سال ریتو بندھو اسکیم کو متعارف کر دیا تھا ۔ کسانوں میں فی ایکر 4 ہزار روپئے سرمایہ کاری کی یہ اسکیم ملک کے منفرد اسکیمات میں شمار ہوتی ہے ۔اسے صرف ریاست تلنگانہ میں لاگو کیا جا رہا ہے ۔ پہلے سیزن میں حکومت کی جانب سے فی ایکر اراضی 4 ہزار روپئے رقم ادا کی گئی ۔ الیکشن کمیشن کی اجازت کے بعد چیکس تقسیم کی تیاری کی جارہی ہے ۔ کمیشن کے فیصلے کا ٹی آر ایس نے خیرمقدم کیا ہے ۔کسانوں نے بھی فیصلہ پر مسرت کا اظہار کیا ہے ۔