ریاگنگ میں ملوث تین طلباء کے خلاف ایف آئی آر

نوئیڈا ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) میڈیا کالج کے تین طلباء کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے کیونکہ ان کے جونیر نے پولیس میں شکایت درج کروائی کہ ریاگنگ کے دوران تینوں طلباء نے اس کی پٹائی بھی کی۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ طالب علم فرسٹ ایئر میں زیرتعلیم تھا۔ ماس کمیونکیشن انسٹیٹیوٹ میں اپنی تعلیم جاری رکھنے کے خواہشمند طالب علم کو بالآخر سیکٹر ۔ 39 کے پولیس اسٹیشن میں فائنل ایئر کے تین طلباء کے خلاف ایف آئی آر درج کروانی پڑی جہاں اس نے ریاگنگ اور زدوکوب کئے جانے کی شکایت کی۔

متاثرہ طالب علم نے یہ شکایت بھی کی ہیکہ ریاگنگ اور پٹائی کرنے کے واقعہ کی ایم ایم ایس بھی تیار کی گئی ہے جس کا استعمال اسے بلیک میل کرنے کیلئے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے اس سے نقد رقم بھی طلب کی اور دھمکی دی کہ اگر میں نے روپئے نہیں دیئے تو ایم ایم ایس کو انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کردیا جائے گا۔ ابتداء میں متاثرہ طالب علم نے اس واقعہ کی اطلاع کالج انتظامیہ کو دی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ شیورام یادو نے بتایا کہ تینوں مفرور طلباء کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور انہیں تلاش کیا جارہا ہے۔