ریاست کے ریلوے اسٹیشنس پر سیکوریٹی انتظامات سخت

چینائی اسٹیشن پر ٹرین میں بم دھماکوں کے بعد ریلوے پولیس کے اقدامات
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( پی ٹی آئی ) : چینائی ریلوے اسٹیشن پر ایک ٹرین میں ہوئے بم دھماکوں کے پیش نظر آندھرا پردیش میں بڑے ریلوے اسٹیشنس پر سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے ۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس ( جی آر پی ) نے بات بتائی ۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( سکندرآباد ریلوے پولیس ) چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ ہم ریلوے اسٹیشنس پر معمول کے مطابق تلاشی اور چیکنگ کرتے ہیں تاہم چینائی ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکوں کے بعد ہم نے یہاں سکندرآباد اور نامپلی ریلوے اسٹیشنس کے علاوہ ورنگل اور قاضی پیٹ اور دیگر ریلوے اسٹیشنس پر چیکنگ میں شدت پیدا کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ناخوشگوار واقعہ کے تدارک کے لیے احتیاطی اقدامات کے طور پر آر پی ایف ، جی آر پی ، بم ڈسپوزل کے عہدیدار اور ملازمین اور ڈاگ اسکواڈس کی جانب سے تلاشی مہم چلائی جارہی ہے اور چیکنگ کی جارہی ہے اور اس سلسلہ میں زائد فورسیس کو تعینات کیا گیا ہے ۔ ان کے پاس ایک بی ڈی اور ڈاگ اسکواڈ ٹیم ہے جو چوبیس گھنٹے چیکنگ میں مصروف رہتی ہے ۔ عوام سے بھی کہا گیا ہے کہ ریلوے اسٹیشنس پر مشتبہ ایٹمس اور اشیاء سے متعلق زیادہ چوکسی اختیار کریں ۔ اور اس سلسلہ میں اعلانات بھی کئے جارہے ہیں ۔ اس دوران بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے انتخابی دورہ گنٹور ، نیلور ، نرساپور اور وشاکھا پٹنم کے پیش نظر ریلوے پولیس سے زیادہ چوکسی اختیار کرنے کے لیے کہا گیا ہے ۔ بنگلور ، گوہاٹی ٹرین کے دو کوچس میں پانچ منٹ کے وقت میں کم شدت کے دو بم دھماکے ہوئے جن میں ایک خاتون ہلاک اور دیگر 14 زخمی ہوگئے جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔۔