ریاست کی تقسیم روکنے سیاسی جماعتوں میں اتحاد ضروری

حیدرآباد۔ 6 فروری (سیاست نیوز) ریاستی عوام کے جذبات و احساسات کا احترام کرتے ہوئے آندھرا پردیش کو متحد رکھنے میں ہی ترقی و بھلائی مضمر ہے۔ ریاستی وزیر مال این رگھوویرا ریڈی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی، صدر پردیش کانگریس کمیٹی بی ستیہ نارائنا، صدر تلگو دیشم پارٹی چندرا بابو نائیڈو اور صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی متحد ہوجائیں تو آندھرا پردیش کی تقسیم کو روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی متعدد مرتبہ ان تمام قائدین سے متحد ہونے کی اپیل کرچکے ہیں، لیکن تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم کا مسئلہ صرف اور صرف دوسری ایس آر سی کے ذریعہ ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں ارکان نے واضح طور پر عوامی احساسات کا اظہار کیا ہے۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ عوام ریاست کی تقسیم نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ان عوامی احساسات کو تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین متحدہ طور پر پیش کرسکتے ہیں۔ رگھوویرا ریڈی نے کہا کہ انتخابی اعلامیہ جاری ہونے کے بعد حقیقی صورتِ حال سامنے آ جائے گی اور کئی سیاسی قائدین کے چہرے بے نقاب ہوں گے۔ انہوں نے تلنگانہ وزراء کے ساتھ کل دہلی میں پیش آئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔