حیدرآباد ۔ یکم جولائی، ( سیاست نیوز) ریاست کی ترقی اور امن وامان کیلئے نظام دور حکومت کے طریقوں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ تلنگانہ اسٹیٹ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے کیا۔ وزیر داخلہ آج یہاں حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر کی جانب سے منعقدہ دعوت افطار کے موقع پر مخاطب تھے۔ پرانے شہر کے تاریخی چو محلہ پیالیس میں منعقدہ کمشنر پولیس کی دعوت افطار میں انہوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد، مولانا عبداللہ قریشی ، مولانا مرتضیٰ پاشاہ، مولانا سعیدقادری، مولانا احسان فاروقی، مولانا رضوان قریشی، مولانا عثمان ، مولانا قبول پاشاہ شطاری کے علاوہ علماء و مشائخین کی کثیر تعداد اور مسلم بیورو کریٹس اور پولیس آفیسرس موجود تھے۔ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ حکومت شہر حیدرآباد کو بین الاقوامی شہر کی طرز پر ترقی دینا چاہتی ہے اور شہر کی ترقی کیلئے تمام شہریوں کا تعاون ضروری ہے اور ہر شعبہ حیات میں تمام شہریوں کی حقیقی ترقی ہوگی۔ انہوں نے حیدرآباد کو ہندو مسلم اتحاد کی مثال قرار دیا اور کمشنر پولیس کے اقدامات کی ستائش کی۔ انہوں نے کمشنر پولیس کو ایک سیکولر عہدیدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی پالیسیوں سے شہر کو ایک مقام حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بیرونی سرمایہ داری کو فروغ دینا اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ہندو مسلم عید کی خصوصی ڈش شیر خورمہ کے سیوئیوں کی طرح مل جل کر رہتے ہیں۔
اس موقع پر مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے دعاء کی۔ کمشنر پولیس نے اردو میں اپنی تقریر کرتے ہوئے سب کو حیرت میں ڈال دیا اور کہا کہ حیدرآباد کی تہذیب کا کوئی ثانی شہر نہیں، حیدرآباد کی تہذیب ہی اس کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ڈپارٹمنٹ میں اصلاحات کے ذریعہ سٹی پولیس عوام دوست پالیسی پر عمل کررہی ہے۔ جناب اور صاحب و آداب کے الفاظ سے اپنی تقریر کا آغاز کرنے والے کمشنر نے کہا کہ آج کا دن ان کے لئے کافی مسرت کا دن ہے چونکہ وہ روزہ داروں کو افطار کروارہے ہیں۔ روایتی شیروانی اور رومی ٹوپی میں ملبوس سٹی پولیس کمشنر مہندر ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی اور ہمارا ملک ایک سیکولر ملک ہے۔انہوں نے عید کی پیشگی مبارکباد دی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون نے روایتی شیروانی میں مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے مرکز توجہ بنے رہے جبکہ سٹی پولیس کے سبھی اعلیٰ عہدیدار شیروانی اور کرتا پاجامہ زیب تن کئے افطار پارٹی میں موجود تھے۔ اس موقع پر سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود مسٹر عمر جلیل، ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی بہبود ایم جے اکبر، چیف انجینئر ضیاء الدین، ایڈیشنل ڈی سی پی صدیقی، اے سی پی آصف نگر غوث محی الدین، اے سی پی سی سی ایس تاج الدین، اے سی پی فلک نما ایم اے باری، ریٹائرڈ اے سی پی طاہر علی کے علاوہ امجد اللہ خان خالد قائد مجلس بچاؤ تحریک، محمد سکندر معشوقی و دیگر موجود تھے۔