حیدرآباد۔/22جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس حکومت تلنگانہ مسٹر ای راجندر نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ریاست تلنگانہ کی آمدنی میں زبردست و غیر معمولی اضافہ ہوگا۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ حکومت کی توقعات اور امیدوں کے مطابق آمدنی میں اضافہ ہورہا ہے۔ مسٹر راجندر نے ریاست تلنگانہ کی آمدنی سے متعلق بعض اخبارات میں کی جانے والی غلط تشہیر پر یقین و بھروسہ نہ کرنے کا تلنگانہ عوام کو مشورہ دیا اور واضح طور پر کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام شعبہ جات میں ترقی کی شرح فیصد تک نہ صرف رسائی حاصل کررہی ہے بلکہ مساوی ترقی پر گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ میں سیلز ٹیکس کی وصولی میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ سال گزشتہ ماہ جون میں ریاست تلنگانہ میں جملہ 2.265 کروڑ روپئے بہ شکل ٹیکسیس حاصل ہوئے جبکہ جاریہ سال گزشتہ ماہ جون میں ٹیکسیس کے عوض 2.425 کروڑ روپئے بطور ٹیکس وصول ہوئے اور گزشتہ سال ماہ جولائی میں 24سو کروڑ روپئے وصول ہوئے تھے لیکن جاریہ سال ماہ جولائی کے دوران اب تک ہی 2650 کروڑ روپئے سیلز ٹیکس رقومات وصول ہوئے ہیں۔ مسٹر ای راجندر نے مزید بتایا کہ سال بھر کیلئے ریونیو انکم کا تخمینہ 28فیصد رہنے پر اب تک ہی 24فیصد ریونیو انکم حاصل ہوچکی ہے۔وزیر فینانس نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے 10یوم میں ہی صنعتوں کے قیام کیلئے منظوریاں دی جارہی ہیں۔