ریاست میں 6 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع

تلنگانہ کی منفرد صنعتی پالیسی 1,30,216 کروڑ روپئے سرمایہ کاری کیلئے 7337 یونٹس کو منظوریاں
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے کہا کہ تلنگانہ کی منفرد صنعتی پالیسی کے باعث 1,30,216 کروڑ روپئے سرمایہ کاری قدر کے 7337 یونٹس کے قیام کی منظوریاں دی گئی ہے ۔ جس سے 6 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ سکریٹریٹ میں ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے 6 ماہ میں ملک کی باوقار ٹی ایس آئی پاس پالیسی تیار کرتے ہوئے ریاست میں مختلف کمپنیوں کے قیام کے لیے منظوریاں دی گئی ۔ تاحال 4884 یونٹس کا آغاز ہوگیا ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی قیادت میں سنگل ونڈو کے تحت ریاست میں کمپنیوں کے قیام کے لیے منظوریاں دی جارہی ہیں جس کی وجہ سے تلنگانہ تجارت میں سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے بہت زیادہ مواقع ہیں ۔ تلنگانہ میں کمپنیوں کے قیام کے لیے اراضیات موجود ہیں اور حکومت کی جانب سے سبسیڈی بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ ٹی ایس آئی آئی سی کے تحت کمپنیوں کو اراضیات مختص کئے جارہے ہیں ۔ آئی ٹی ، بائیو ٹکنالوجی ، فارما ، ٹکسٹائیل جیسے 165 انڈسٹریل پارکس ہیں ۔ ریاست میں فارماسٹی ، نمز ، ٹیکسٹائیل پارک ، ایم ایس ایم آئی سیڈ پارک ، فوڈ پارکس جیسے پراجکٹس پر خصوصی اہمیت دی جارہی ہے ۔ دوسری ریاستوں کے بہ نسبت کم قیمتوں پر تلنگانہ میں صنعتیں قائم ہورہی ہیں ۔ زرعی شعبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر ایس کے جوشی نے کہا کہ ملک کے لیے مثالی ثابت ہونے والی رعیتو بندھو اسکیم کو تلنگانہ حکومت نے متعارف کرایا ہے ۔ فی ایکڑ اراضی 4 ہزار روپئے تک سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔ ہر کسان کو 5 لاکھ روپئے تک مفت انشورنس فراہم کیا جارہا ہے ۔ جاریہ سال جنوری سے زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ 18.25 لاکھ میٹرک ٹن غذائی اجناس کی ذخیرہ اندوزی کے لیے گوداموں کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ محکمہ آبپاشی کے پرنسپل سکریٹری وکاس راج نے بتایا کہ مشین کاکتیہ کے تحت 27742 تالابوں کا احیاء کرتے ہوئے ترقیاتی اقدامات کئے گئے جس سے 8.25 ٹی ایم سی فاضل پانی ذخیرہ کرنے کی سہولت فراہم ہوئی ہے ۔ سکریٹری محکمہ سیاحت بی وینکٹیشم نے کہا کہ تلنگانہ میں سیاحتی مراکز کو توسیع دینے کے کافی مواقع دستیاب ہیں ۔ میڈیکل ، ہیرٹیج ، ایکو ، کلچرل ، سیاحت موجود ہے ۔ سالانہ ڈھائی لاکھ بیرونی ممالک کا سیاح تلنگانہ کا دورہ کرتے ہیں ۔ ریاست کے ہر گھر کو پینے کا صاف پانی سربراہ کرنے کے لیے مشین بھاگیرتا پر 40 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔۔