ہر دواخانہ میں 50 بستر ہونگے ۔ 35 کروڑ کے خرچ کا تخمینہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حکومت نے تلنگانہ کے 5 مقامات پر نئے میٹرنیٹی ہاسپٹلس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس پر 35 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت زچہ بچہ کی صحت و تندرستی اور بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ غیر ضروری آپریشن کی زچگیوں کو روکنے اور سرکاری ہاسپٹلس میں زچگی کے تناسب میں اضافہ کرنے کے سی آر کٹس اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے ‘ سرکاری ہاسپٹلس میں کارپوریٹ طرز کی سہولتیں فراہم کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ ریاست کے 5 مقامات ایٹوناگرام ، کاماریڈی ، منتہنی ، سوریہ پیٹ اور اچم پیٹ میں زچہ بچہ نگہداشت میٹرنیٹی ہاسپٹلس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ صحت کی تجاویز کو حکومت نے منظوری دی ہے ۔ ایک ہاسپٹل 50 بستروں پر مشتمل ہوگا اور تعمیر پر 7 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ نیشنل ہیلت مشین فنڈز سے ہاسپٹلس قائم کئے جائیں گے ۔ تاحال ریاست میں جملہ 23 میٹرنیٹی ہاسپٹلس ہیں ۔ ان میں حیدرآباد میں 5 ، ورنگل میں 2 ، عادل آباد ، نرمل ، کریم نگر ، گوداوری کھنی ، جگتیال ، کھمم ، بھدرا چلم ، محبوب نگر ، نلگنڈہ ، نظام آباد ، محبوب آباد ، سنگاریڈی ، سدی پیٹ ، ظہیر آباد ، کاماریڈی ، تانڈور میں ایک ایک میٹرنیٹی ہاسپٹل شامل ہیں ۔ مزید 8 مقامات کنگ کوٹھی ( حیدرآباد ) ، جنگاؤں ، سنگاریڈی ، کھمم ، کریم نگر ، تانڈور ، محبوب نگر اور نلگنڈہ میں خصوصی میٹرنیٹی ہاسپٹلس زیر تعمیر ہیں ان کی تعمیرمکمل ہونے کے بعد نئے ہاسپٹلس کی تعمیرات کا آغاز کیا جائے گا ۔