ریاست میں ہر شخص چیف منسٹر کی کارکردگی سے مطمئن

حکومت کی ستائش کرنے پر گورنر کو تنقید کا نشانہ بنانا افسوسناک ، فاروق حسین کا بیان
حیدرآباد۔3۔جنوری (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن جناب محمد علی شبیر کو گورنر پر تنقید کرتے ہوئے اپنے عہدے کی اہمیت کو پامال کرنے سے اجتناب کرنا چاہئے ۔ ارکان قانون ساز کونسل جناب محمد فاروق حسین اور مسٹربی لکشمی نارائنہ نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں میڈیا پوائنٹ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ جناب محمد فاروق حسین نے کہا کہ قائداپوزیشن جناب محمد علی شبیر کو دستوری عہدے پر فائز گورنر پر تنقید زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر آندھرا پردیش و تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے ریاستی حکومت اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ستائش کی تو حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر کی ہے اسی لئے انہیں اس طرح کے بیانات سے اجتناب کرنا چاہئے۔ جناب محمد فاروق حسین نے بتایا کہ اس طرح کے بیانات سے مایوسی کا اظہار ہوتا ہے جبکہ ریاست میں ہر شخص چیف منسٹر کی کارکردگی سے مطمئن ہے اور ان کی ستائش کر رہا ہے۔ مسٹربی لکشمی نارائنہ نے کہا کہ جناب محمد علی شبیر گورنر کی جانب سے کی گئی ستائش پر تنقید کرتے ہوئے اپنے عہدے کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے جو صورتحال دیکھی ہے اس کے مطابق انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے ایسے میں گورنر کے بیان کو نشانہ بنایا جانا مناسب نہیں ہے۔ مسٹر بی لکشمی نارائنہ نے کہا کہ ریاست میں مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کا تقرر سابق کانگریس دور حکومت میں ہی کیا گیا تھا اور یو پی اے حکومت کی جانب سے نامزد گورنر کی معیاد میں ان کی غیر جانبداری اور بہترین کارکردگی کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے توسیع کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورنر کے بیان پر ناراضگی کا اظہارکرنا ایسا ہی ہے جیسے کانگریس کے دور میں نامزد کئے گئے گورنر پر الزام تراشی کرنا۔ جناب محمد فاروق حسین اور مسٹر بی لکشمی نارائنہ ارکان قانون ساز کونسل نے گورنر کے بیان پر جناب محمد علی شبیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں حکومت کی کارکردگی کی گورنر کی جانب سے ستائش پر چراغ پا قائد اپوزیشن نے اپنے حدود سے تجاوز کرتے ہوئے گورنر کے بیان کو نشانہ بنایا ہے۔ان ارکان قانون ساز کونسل نے بتایا کہ موجودہ گورنر دو علحدہ ریاستوں کے گورنر ہیں اور انہوں نے دونوں ریاستوں کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں کی حکومت کی کارکردگی کے مشاہدے کے بعد ہی چیف منسٹر تلنگانہ کو حرکیاتی اور فعال چیف منسٹر قرار دیا ہے ۔ ٹی آر ایس ارکان قانون ساز کونسل نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مختصر وقفہ میں اپنی صلاحیتوں کو منواتے ہوئے قومی سطح پر سر فہرست مقام حاصل کیا اور ان کی فعال کارکردگی و دور اندیشی کے سبب ہر کوئی ان کی تعریف کر رہا ہے۔