ریاست میں کل سے انٹر میڈیٹ امتحان کا آغاز

طلبا کو بہرصورت 8.30 بجے امتحانی مرکز پہونچنے کی ہدایت

حیدرآباد10مارچ ( سیاست نیوز) ریاستی بھر میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا 12مارچ سے آغاز ہوگا ۔ ان امتحانات کے انتہائی پُرامن و شفاف انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ امتحانات جملہ 19,78,379 طلباء و طالبات شرکت کرینگے ۔ ان میں سال اول جنرل ووکیشل طلبا وطالبات کی تعداد 9,29,090 لاکھ اور سال دوم جنرل و ووکیشنل طلبا وطالبات کی تعداد 10,49,289 ہے ۔ مسٹر آدھر سنہا کمشنر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اورمسٹر رام شنکر نائیک سکریٹری نے یہ بات بتائی اور امتحانات کے دوران کسی بے قاعدگیوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ نقل نویسی کا تدارک کرنے 133فلائنگ اسکواڈز اور 135سٹنگ اسکواڈز تشکیل دئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز پر برقی کی سربراہی پانی کی فراہمی کے علاوہ طلباء کو امتحانی مراکز تک پہنچنے کیلئے آر ٹی سی بسیں چلانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اعلیٰ عہدیداروں کو مبصر مقرر کیا جارہا ہے ۔ مسٹر نائیک نے بتایا کہ اس مرتبہ طلبا کیلئے امتحانی مرکز میں داخل ہونے وقت مقرر کیا گیا ۔

طلبا و طالبات کو چاہیئے کہ وہ مرکز پر ٹھیک 8.30بجے حاضر رہیں اور 15 منٹ کی تاخیر سے پہنچنے والوں کو داخلہ کی رعایت دی جائیگی لیکن نو کے بعد ایک منٹ بھی تاخیر سے کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی امتحانات کیلئے قوانین پر سختی سے عمل آوری کی جا رہی ہے ۔ مسٹر نائیک نے بتایا کہ امتحانی ڈیوٹی انجام دینے والے اساتذہ و لکچررس کو امتحانی مرکز میں سیل فون لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور طلبا و طالبات سے خواہش کی کہ وہ سوائے پیاڈ ‘ پین کے دیگر اشیاء بالحصوص سیل فون نہ لائیں ۔ ۔ انہوں نے بتایا کہ 28 مارچ سے پرچوں کی جانچ کے کام کا آغاز کیا جائے گا اور جلد از جلد امتحانی نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ اس سوال پر کہ آیا تلنگانہ طلباء کے امتحانی پرچوں کی جانچ تلنگانہ لکچررس سے کروائے جائیں گے کہاکہ اس سلسلہ میں مؤثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کیلئے ریاست میں جملہ 2661 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔