ریاست میں نکسلائیٹس کی دراندازی کا امکان نہیں : ڈی جی پی

گوداوری کھنی ۔ یکم نومبر ( این ایس ایس ) ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی نے آج واضح کیا کہ ماویسٹوں کے ریاست تلنگانہ میں داخل ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ماویسٹ دوسری ریاستوں سے تلنگانہ میں داخل ہونے کی کوشش بھی کرتے ہیں تو ریاستی پولیس کا عملہ انہیں ناکام بنا دیگا ۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیندر ریڈی نے کہا کہ پولیس بین ریاستی سرحدوں کے علاقہ میں نکسلائیٹس کی نقل و حرکت پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مہاراشٹرا پولیس کے ساتھ بھی مل کر کام کیا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ پولیس کی جانب سے سرحدی علاقوں میں اضافی دستوں کو متعین کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پولنگ کو پرامن بنانے ہر ممکن اقدام کئے جائینگے ۔