ریاست میں نئے راشن کارڈس کیلئے درخواستوں کی یکسوئی

تنقیح و تحقیق کیلئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل۔ یکم جون تا یکم جولائی درخواستوں کا جائزہ
حیدرآباد۔8مئی (سیاست نیوز) ریاست میں یکم جون تا یکم جولائی کے دوران نئے راشن کارڈس کیلئے داخل کی گئی درخواستوں کی یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں گے اور ان درخواستوں کی یکسوئی کیلئے محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے 4رکنی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کمشنر سیول سپلائز مسٹر اکون سبھروال نے احکام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یکم جون سے نئے راشن کارڈس کی درخواستوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں تنقیح و درخواستوں کی تحقیق کا عمل شروع کیا جائے اور تنقیح کے ایک ہفتہ کے اندر راشن کارڈس جاری کردیئے جائیں۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں داخل کی جانے والی درخواستوں کا جائزہ لینے کیلئے دو اعلی عہدیداروں کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جبکہ مابقی دو عہدیداروں کو ریاست کے دیگر دیہی علاقوں میں داخل کی جانے والی درخواستوں کی یکسوئی کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ کمشنر محکمہ سیول سپلائز مسٹر اکون سبھروال نے واضح کیا کہ یکم جون سے نئی درخواستوں کی یکسوئی کا وقت متعین کئے جانے کی وجہ ریاست میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ ہے۔ یکم جون سے یکم جولائی کے درمیان ان درخواستوں کی یکسوئی کا وقت اسی لئے متعین کیا گیا ہے تاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے ختم ہونے کے بعد ہی نئے راشن کارڈس کی اجرائی ممکن ہوسکے۔ انہو ںنے بتایا ریاستی حکومت کی جانب سے ہر مستحق خاندان کو راشن کارڈ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے اور محکمہ کی جانب سے ممکنہ حد تک تمام خاندانوں کو نئے راشن کارڈس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست کے ای۔سیوا اور می۔سیوا مراکز کے ذمہ داروں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انہیں اس بات کی ہدایت دی جائے گی کہ وہ جو بھی درخواست داخل کریں ان درخواستوں کو محکمہ کے طریقہ کار کے مطابق داخل کریں۔