ریاست میں نئے رائے دہندوں کی 17 لاکھ درخواستیں

۔25 ستمبر تک مزید درخواستیں موصول ہونے کی امید۔ متعلقہ حکام یکسوئی میں مصروف
حیدرآباد 22 ستمبر ( سیاست نیوز ) ریاست میں 17 لاکھ نئے رائے دہندوں کے اندراج کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی اور نئے اندراج کا عمل 10 ستمبر سے شروع ہوا تھا جس کے بعد سے جملہ 17 لاکھ درخواستیں نئے رائے دہندوں کے اندراج کیلئے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کو موصول ہوئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ان درخواستوں میں ان افراد کی درخواستیں بھی شامل ہیں جو رائے دہی کی عمر کو پہونچ گئے ہیں اس کے علاوہ ان افراد کی درخواستیں بھی شامل ہیں جن کے نام جاریہ سال یکم جنوری کو شائع کردہ فہرست رائے دہندگان سے خارج کردئے گئے تھے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کو امید ہے کہ 25 ستمبر کو فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا عمل ختم ہونے تک مزید درخواستیں موصول ہوسکتی ہیں۔ الیکشن اتھاریٹی نے یکم ستمبر کو ایک مسودہ نظرثانی فہرست جاری کی تھی جو 2.61 کروڑ رائے دہندوں پر مشتمل تھی ۔ تازہ درخواستیں اس تعداد کے علاوہ ہیں۔ اس فہرست میں 8.1 لاکھ نئے ووٹرس شامل ہیں جن کی درخواستوں کا جائزہ لیا گیا تھا اور الیکشن اتھاریٹی نے ان کے ناموں کی شمولیت کو منظوری دیدی تھی ۔ چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار نے کہا کہ الیکشن اتھاریٹی ووٹر لسٹ کے دعووں اور اعتراضات کی یکسوئی میں مصروف ہے جو 25 ستمبر تک جاری رہے گا ۔ تاہم نئے رائے دہندوں کے اندراج کا عمل پرچہ جات نامزدگیوں کے ادخال کے دس دن پہلے تک جاری رہے گا ۔