ریاست میں مرطوب ہواؤں کے باعث موسم تبدیل

حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : موسمیات کے سائنس داں ڈاکٹر نرسمہا راو اسسٹنٹ میٹرولوجسٹ نے آج کہا کہ پوری ریاست میں پائی جارہی جنوب مشرقی مرطوب ہواؤں کے نتیجہ میں موسمی عدم استحکام ہورہا ہے اور اس سے گرج چمک کے ساتھ بارش کے حالات پیدا ہورہے ہیں ۔ نمائندہ سیاست سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر نرسمہا راؤ نے کہا کہ موسمی عدم استحکام میں اضافہ کا مطلب یہ ہے کہ زمین میں حدت پیدا ہورہی ہے جس کی وجہ گرج چمک کے حالات پیدا ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹر نرسمہا راؤ کہا کہ پورے آندھرا پردیش میں مرطوب ہوائیں چل رہی ہیں ۔ یہ ہوائیں خلیج بنگال اور بحر عرب سے آرہی ہیں جس کے نتیجہ میں موسم میں ناپائیداری ہورہی ہے اور اس سے ایک طرح کا ابر پیدا ہورہا ہے اور یہ ابر ایسا ہوتا ہے جس سے بجلی گرسکتی ہے اور دوسرے خطرناک حالات پیدا ہوسکتے ہیں جیسے ژالہ باری ، گرج چمک کے ساتھ بارش ۔ ڈاکٹر نرسمہا راؤ نے کہا کہ Cumulonimus ابر کے باعث گرج ، بجلی گرنے ، شدید بارش ، آندھی اور کبھی کبھی ژالہ باری بھی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص علاقہ تلنگانہ میں گرج چمک کی وجہ اچھی بارش ہورہی ہے ہے

تاہم ساحلی آندھرا پردیش اور رائلسیما میں کسی حد تک بارش ہوگی ۔ ڈاکٹر نرسمہا نے موسمی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں گرج چمک کے یہ حالات مزید دو دن تک رہیں گے اور اس کے اثر سے ساحلی آندھرا پردیش اور رائلسیما میں بھی بارش ہوگی ۔ اس دوران تلنگانہ میں ہلکی تا اوسط بارش ہوگی ژالہ باری کے ساتھ یا اس کے بغیر جب کہ رائلسیما اور ساحلی آندھرا میں کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان ہے ۔ ڈاکٹر نرسمہاراؤ نے کہا کہ خلیج میں مخالف طوفان ایکٹویٹی سے آندھرا پردیش میں مرطوب ہوائیں چل رہی ہیں ۔ جس کی وجہ موسم میں تبدیلی پیدا ہورہی ہے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے جب کہ گرج چمک کے ساتھ بارش موسم گرما میں ہوتی ہے ۔۔