سی پی آئی و سی پی ایم کا متحدہ مقابلہ کا فیصلہ ‘ٹی جے ایس اور تلگودیشم یا جنا سینا کو شامل کرنے پر غور
حیدرآباد 4 مارچ ( پی ٹی آئی ) گذشتہ سال کے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے برخلاف سی پی آئی اور سی پی آئی ایم نے ریاست میں لوک سبھا انتخابات کیلئے اتحاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دونوں کمیونسٹ پارٹیوں کے قائدین کا ایک اجلاس ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ لوک سبھا انتخابات میں متحدہ مقابلہ کیا جائیگا ۔ سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرابھدرم نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی ۔ 7 ڈسمبر 2018 کو ہوئے اسمبلی انتخابات میں سی پی آئی نے کانگریس کے ساتھ عظیم اتحاد میں حصہ لیا تھا جبکہ سی پی ایم نے اس اتحاد میں شمولیت سے گریز کیا تھا ۔ سی پی ایم نے انتخابات میں بہوجن لیفٹ فرنٹ کے بیانر تلے مقابلہ کیا تھا جس میں کئی چھوٹی پارٹیاں شامل تھیں۔ ویرا بھدرم نے کہا کہ سی پی آئی نے بی ایل ایف کی دوسری جماعتوں کو بھی اتحاد میں شامل کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ دونوں کمیونسٹ جماعتوں کے ذرائع نے کہا کہ سی پی آئی کی جانب سے ٹی جے ایس سے بھی بات چیت کی جا رہی ہے تاکہ اسے بھی اتحاد میں شامل کیا جاسکے ۔ ذرائع نے کہا کہ اداکار سے سیاستدان بننے والے پون کلیان کی جنا سینا یا پھر چندرا بابو نائیڈو کی قیادت والی تلگودیشم پارٹی بھی اس اتحاد میں شامل ہوسکتے ہیں۔ سی پی آئی کا جہاں تک تعلق ہے وہ تلگودیشم کو اتحاد میں شامل کرنے کی حمایت کرتی ہے جنا سینا کی نہیں ۔ سی پی ایم کا جہاں تک سوال ہے وہ پون کلیان کو ترجیح دیتی ہے تلگودیشم کو نہیں ۔ سی پی آئی اور سی پی ایم کے قائدین کا جاریہ ہفتے کے اواخر میں ایک بار پھر اجلاس ہوگا جس میں اتحاد کے تعلق سے مزید تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔