ریاست میں عنقریب 16 ہزار ٹیچرس کے تقررات

تلنگانہ حکومت کی تعلیم پر خصوصی توجہ ، سرکاری اسکولس کی تعلیم بہتر بنانے کی مساعی
حیدرآباد ۔ 5 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے عنقریب 16 ہزار ٹیچرس کا تقرر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں نے تعلیم پر خصوصی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے سرکاری اسکولس پر سے عوام کا اعتماد ختم ہوگیا تھا ۔ تلنگانہ حکومت تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ جس سے اعتماد بحال ہورہا ہے ۔ ٹیچرس ڈے کے موقع پر ہنمکنڈہ کے امبیڈکر بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تعلیم ترقی کی ضامن ہے ۔ تعلیم پر فنڈز احسان کی طرح خرچ کرنے کے بجائے سرمایہ کاری کے طور پر خرچ کی جاتی ہے تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں ۔ اگر سابق حکمرانوں کی جانب سے تعلیم پر خصوصی توجہ دی جاتی تو ہندوستان کا شمار بھی ترقیافتہ ممالک کی فہرست میں ہوتا تھا ۔ تعلیم کے لیے مختص کئے جانے والے ایک ایک پیسے کو خرچ کے طور پر تصور کیا گیا اور تعلیم کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ۔ جس کی وجہ سے ریاست اور ملک میں توقع کے مطابق تعلیمی ترقی نہیں ہوئی ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر تعلیم پر خاص توجہ دے رہے ہیں ۔ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے فنڈز کی کوئی پراہ نہیں کی جارہی ہے ۔ کڈیم سری ہری نے سرکاری اسکولس میں تعلیم دینے والے اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ ہر طالب علم کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں ۔ ایک دوسرے سے رابطہ اور تال میل پیدا کرتے ہوئے تعلیمی چیلنجس سے نمٹنے اور مسابقت میں حصہ لینے کے لیے طلبہ کو اہل بنائے ۔ کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے عملی اقدامات کا آغاز ہوگیا ہے ۔ 525 ریزیڈنشیل اسکولس قائم کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ نے سارے ملک کو ایک نئی سونچ فراہم کی ہے ۔ گذشتہ تین سال کے دوران سرکاری اسکولس میں معیار تعلیم کو بلند کرنے کے اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ ذاتی اسکولس عمارتیں ، کمپیوٹر و سائنس لیابس ، پینے کے پانی اور بیت الخلاؤں کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ جس سے دوبارہ سرکاری اسکولس پر عوام کا اعتماد بحال ہورہا ہے ۔ ہر سال سرکاری اسکولس کے داخلوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ ایسے کئی واقعات سامنے آئے ہیں کہ کئی والدین نے اپنے بچوں کو خانگی اسکولس سے نکال کر سرکاری اسکولس میں داخلہ دلوایا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ سال سے ایوارڈس کے لیے ٹیچرس کو درخواستیں دینے کی ضرورت نہیں رہے گی اور نہ ہی انہیں پیروی کرنا پڑے گا ۔ ٹیچرس کی محنت و تعلیمی جستجو کی بنیاد پر انہیں ایوارڈس دئیے جائیں گے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سرکاری اسکولس میں معیار تعلیم کو بلند کرنے بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ اساتذہ کے جائیدادوں پر تقررات کرنے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں عنقریب 16 ہزار ٹیچرس کے جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔۔