ریاست میں صدر راج کا نفاذ عوام کی توہین : سی پی آئی

حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی سی پی آئی نے آندھرا پردیش میں صدر راج نافذکرنے مرکزی حکومت کے فیصلہ کی سخت مذمت کی اور کہا کہ ریاست میں صدر راج کا نفاذ عمل میں لاتے ہوئے ریاستی عوام کی توہین کی گئی ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سکریٹری ریاستی سی پی آئی ڈاکٹر کے نارائنا نے یہ بات کہی اور بتایا کہ سیاسی قائدین نے اب تک اقتدار سے استفادہ کرتے ہوئے اب حکومت کی تشکیل سے اپنی عدم دلچسپی کا اظہار کر کے تلگو عوام کی اہانت و توہین کرنے جیسے اقدامات کئے ۔ سکریٹری ریاستی سی پی آئی نے مختلف سیاسی قائدین کے طرز عمل پر اپنی شدید برہمی کا ظہار کیا اور کہا کہ بعض قائدین اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے اخلاقی اقدار کو پامال کر کے پارٹیاں تبیدل کرنے میں کوشاں دکھائی دے رہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے سیاسی قائدین کو اپنی شناخت کے لیے پارٹی کے اسٹیکرس لگا کر گھومنے پرمجبور ہونا پڑے گا ۔

کیوں کہ کونسا قائد کونسی پارٹی سے وابستگی رکھتا ہے اس کا عوام اب اندازہ لگانا بہت مشکل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو خصوصی طور پر حذف ملامت بنایا اور کہا کہ گذشتہ تقریبا دس سال سے اقتدار میں رہتے ہوئے عین انتخابات سے قبل ریاست کی تقسیم کا بہانا بناکر ریاست کو صدر راج میں جھونک دیا اور اپنی اپنی نئی دوکانیں کھولنے ( نئی پارٹی تشکیل دینے ) کے لیے کوشاں ہیں ۔