غفلت و لاپرواہی نہ برتنے کا مشورہ ، کیر ہاسپٹل میں ڈائیلاسیس یونٹ کا قیام ، ڈاکٹر گریش نارائن کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : سینئیر نفرالوجسٹ ڈاکٹر گریش نارائن نے کہا کہ گردہ انسانی جسم کا ایک اہم عضو ہے جو خون بنانے میں اہم رول ادا کرتا ہے جس کے تحفظ کے لیے انسان اپنی زندگی میں چاہے کتنا ہی مصروف کیوں نہ ہو اپنی غذا کے استعمال میں غفلت و لاپرواہی نہ برتے ۔ ڈاکٹر گریش نارائن آج ’ عالمی یوم گردہ ‘ کے موقع پر کیر ہاسپٹل نامپلی میں ڈیلاسیس یونٹ II کا افتتاح انجام دینے کے بعد منعقدہ شعور بیداری جلسہ کو بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں اندازے کے مطابق 20 لاکھ افراد گردے کے عارضہ میں مبتلا ہیں جب کہ ریاست بھر میں زائد از 2 لاکھ افراد گردے کی بیماری میں مبتلا ہیں جن کے منجملہ صرف شہر حیدرآباد ہی میں 30 تا 40 ہزار گردے کے مریضوں کو ڈیلاسیس کی ضرورت پڑ رہی ہے ۔ ہائی بلڈ پریشر اور شوگر میں اضافہ کے سبب گردے کے امراض میں مبتلا ہونے کا شدید خطرہ لاحق ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اکثر دیکھنے میں یہ آیا کہ 80 فیصد گردہ متاثر ہونے تک مریض کو پتہ ہی نہیں چلتا ۔ اس لیے عوام کو چاہئے کہ وہ نمک ، الکوہل ، تمباکو ، ترشی اور تیل و چکنائی والی غذاؤں کے استعمال میں احتیاط برتیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گردے کے تحفظ اور گردہ کی حفاظت کے لیے کئے جانے والے احتیاطی اقدامات سے متعلق عالمی سطح پر عوام میں شعور بیدار کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ سینئیر نفرالوجسٹ کیر ہاسپٹل محترمہ ڈاکٹر شائستہ حسینی نے کہا کہ ’ عالمی یوم گردہ ‘ تقریب کا گذشتہ 10 سال سے انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ ساری دنیا کے عوام میں گردے کے تحفظ اور احتیاطی اقدامات سے متعلق شعور اجاگر کیا جاسکے ۔ انہوں نے شوگر اور بلڈپریشر کے مریضوں کو مشورہ دیا کہ وہ وقفہ وقفہ سے خون اور پیشاب کا معائنہ کرواتے رہیں تاکہ گردے کے متاثر ہونے سے متعلق معلومات سے باخبر رہ سکیں ۔ انہوں نے مریضوں کو پین کلر ادویات کے زیادہ استعمال سے پرہیز کرنے پر زور دیا ۔ میڈیکل ڈائرکٹر کیر ہاسپٹل نامپلی ڈاکٹر ڈی این کمار نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ موسم کے لحاظ سے غذاؤں کا استعمال کریں تاکہ گردے کو متاثر ہونے سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ ہر روز پیدل چلنے کی عادت ڈالیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر پدماکر یورالوجسٹ ، ڈاکٹر اشوینی اینگار نفرالوجسٹ ، ڈاکٹر عبدالفتح یورالوجسٹ ، ڈاکٹر روی کرن نفرالوجسٹ ، ڈاکٹر مدھو ریما سنہا نے بھی مخاطب کرتے ہوئے گردے کے امراض سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی اقدامات اور علاج سے متعلق تفصیلات پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر اے کیر ہاسپٹل ہیڈ مارکیٹنگ مہیش ڈیگلورکر اور مسٹر محمد اشفاق کے علاوہ دیگر ہاسپٹل عملہ اور مریضوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ بعد ازاں پروفیسر ڈاکٹر گریش نارائن نے 1200 روپئے میں ہیلت چک اپ پیاکیج کا رسم اجراء انجام دیا ۔ آخر میں کیر ہاسپٹل کالج آف نرسنگ کی طالبات نے گردے کے تحفظ سے متعلق احتیاطی اقدامات پر ایک ڈرامہ پیش کیا ۔۔