ریاست میں جنوری تا اکٹوبر وبائی امراض سے 8 اموات

جملہ 120 افراد متاثر ، قانون ساز کونسل میں وزیر صحت لکشما ریڈی کا جواب
حیدرآباد۔31ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست میں جاریہ سال جنوری تا اکٹوبر کے دوران مہلک وبائی امراض سے 8اموات واقع ہوئی ہیں اور 120افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر سی لکشما ریڈی نے قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ڈینگو ‘ سوائن فلواور وبائی امراض سے جملہ 8اموات واقع ہوئی ہیں ۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریاست کے سابقہ 10اضلاع میں 120افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ میدک میں 7افراد متاثر ہوئے جن میں ایک کی موت واقع ہوگئی اور مابقی 6افراد کا علاج کیا گیا۔ نظام آباد میں 2مریض پائے گئے جن کی حالت اب مستحکم ہے۔ ورنگل میں 6مریض رجوع ہوئے تھے جو وبائی امراض میں مبتلاء تھے ان کا مؤثر علاج کیا گیا۔ رنگا ریڈی میں 44افراد وبائی امراض سے متاثر ہوئے جن میں 4کی موت واقع ہوگئی جبکہ 40افراد کا علاج کیا گیا۔ حیدرآباد میں 58افراد وبائی امراض سے متاثر ہوئے جن کا علاج کیا گیا۔ حکومت کے اعداد و شمار کے اعتبار سے حیدرآباد میں سوائن فلو اور ڈینگو سے جاریہ سال کے ابتدائی دس ماہ کے دوران کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔ محبوب نگر میں 3مریضوں کا علاج کیا گیا ۔کریم نگر میں 2افراد وبائی امراض سے متاثر ہوئے تھے جن میں ایک کی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرے کا علاج ممکن ہو سکا۔ عادل آباد میں بھی 2افراد وبائی امراض سے متاثر ہوئے جن میں ایک کی موت واقع ہوگئی۔ نلگنڈہ میں 3افراد متاثر ہوئے جن میں دو کا علاج یقینی بنایا گیا جبکہ ایک کی موت واقع ہوگئی۔ کھمم میں صرف ایک مریض کی نشاندہی ہوی جس کا علاج کیا گیا۔مسٹر سی لکشما ریڈی تلنگانہ قانون ساز کونسل میں رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر بھوپتی ریڈی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری 2016سے 18اکٹوبر 2016کے درمیان کی یہ تفصیلات حکومت کے پاس موجود ہیں۔ ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ ریاست میں وبائی امراض کی روک تھام کے لئے ماحولیات کو بہتر بنانے کے علاوہ صاف صفائی کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے اورسرکاری دواخانوں میں وبائی امراض کے متعلق مفت طبی معائنوں اور علاج کے علاوہ مفت ادویات کی  سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت ان بیماریوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ اسکیم کے تحت خانگی دواخانوں میں بھی ان وبائی امراض کے علاج کو یقینی بنایا جا سکے۔ مسٹر سی لکشما ریڈی نے بتایا کہ وبائی امراض کے متعلق شعور بیداری مہم کے لئے 24X7کال سنٹر چلایا جا رہا ہے۔
دفتر سیاست میں آج ٹیٹ اور ڈی ایس سی کا رہنمایانہ پروگرام
حیدرآباد ۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹیچرس امیدوار کیلئے ہلیتی امتحان ’’ٹیٹ‘‘ اور تقررات کا امتحان ڈی ایس سی اور تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات کیلئے ایک نہایت معلوماتی پروگرام جناب محمد نذیراحمد ریٹائرڈ اکیڈیمک مانیٹرنگ آفیسر محکمہ تعلیمات یکم ؍ جنوری اتوار کو ڈھائی بجے تا 5 بجے دن محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست روبرو رام کرشنا تھیٹر عابڈس پر رکھا گیا ہے۔ ڈی ایڈ، بی ایڈ امیدوار وقت پر شرکت کرتے ہوئے استفادہ کریں۔