ریاست میں برقی شرحوں میں 4.42 فیصد کا اضافہ

حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن نے آج برقی شرحوں میں مجموعی اعتبار سے 4.42 فیصد اضافہ کا اعلان کیا ہے ۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن جناب اسمعیل علی خاں نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ کمیشن نے تقریبا تمام زمروں میں جزوی اضافہ کی سفارش کی ہے اور مجموعی اعتبار سے یہ اضافہ 4.42 فیصد تک ہوگا جب کہ رہائشی زمرے کے صارفین پر 1.3 فیصد اضافہ کا بوجھ عائد ہوگا ۔ جناب اسمعیل علی خاں ، صدر نشین کے علاوہ ارکان مسٹر ایم منوہر ریڈی ( ٹیکنیکل ) اور مسٹر سرینواس ( فینانس ) نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 200 یونٹ تک برقی استعمال کرنے والے رہائشی زمرے کے صارفین کے لیے بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے بلکہ جو 1.3 فیصد اضافہ ہے ۔ اس کا اطلاق بھی 200 یونٹ سے زائد برقی استعمال کرنے والوں پر ہوگا ۔ صدر نشین ٹی ایس ای آر سی کے بموجب اس اضافہ کے باوجود 80 لاکھ رہائشی زمرے کے صارفین کو فائدہ ہوگا چونکہ یہ 80 لاکھ صارفین 200 یونٹ سے کم برقی استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح زرعی اور کاٹیج انڈسٹری کے زمرے میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا گیا جس سے کسانوں اور گھریلو صنعتوں پر کوئی بوجھ عائد نہیں ہوگا ۔ چھوٹے کمرشیل اداروں کو بھی جو 50 یونٹ سے کم برقی استعمال کرتے ہیں انہیں بھی اضافہ سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے ۔ جس سے 6 لاکھ کے قریب صارفین جو کمرشیل برقی کنکشن رکھتے ہیں انہیں استثنیٰ حاصل ہوگا ۔ جب کہ کمرشیل برقی صارفین کی تعداد 10 لاکھ 60 ہزار ہے ۔ جناب اسمعیل علی خاں نے بتایا کہ کمیشن نے سلاب سسٹم میں تبدیلی لائی ہے اور 500 یونٹ کا سلاب مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نئی برقی شرحیں گھریلو صارفین کے لیے ابتدائی 50 یونٹ کی قیمت ایک روپیہ 45 پیسہ ہوگی جب کہ 51 تا 100 یونٹ صارف کو 2 روپئے 60 پیسے ادا کرنے ہوں گے ۔ اسی طرح 101 تا 200 یونٹ کے لیے 3 روپئے 60 پیسے وصول کئے جائیں گے ۔ گھریلو صارفین کی شرحوں میں اضافہ 200 یونٹ کے بعد ہی ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے مالی سال 2015-16 کے دوران 4227 کروڑ بطور سبسیڈی فراہم کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ جناب اسمعیل علی خاں نے بتایا کہ حکومت نے پولٹری صنعت کے لیے 30 کروڑ اضافی سبسیڈی کی فراہمی کو بھی منظوری دی ہے تاکہ پولٹری زرعی صارفین کو فی یونٹ 2 روپئے کی تخفیف یقینی بنائی جاسکے ۔ اس تخفیف سے 4 ہزار 267 صارفین کو فائدہ ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں برقی صارفین کی تعداد سال 2015-16 کے دوران ایک کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ جائے گی ۔ کمیشن کے مطابق برقی شرحوں میں اضافہ سے محکمہ برقی کو جملہ 816 کروڑ کی آمدنی میں اضافہ ہوگا ۔ جس میں یس پی ڈی سی ایل کو 675 اور ین پی ڈی سی یل کو 141 کروڑ کی آمدنی بڑھے گی ۔ 200 یونٹ سے زائد برقی استعمال کرنے والے گھریلو برقی صارفین کو ابتدائی 50 یونٹ کے لیے 2.60 روپئے فی یونٹ ادا کرنے ہوں گے جب کہ 51 تا 100 یونٹ تک 3.25 وصول کئے جائیں گے ۔ 101-150 یونٹ کے لیے گھریلو صارفین 4.90 یونٹ ادا کرنا ہوگا اور 151-200 یونٹ 5.65 روپئے وصول کئے جائیں گے ( ان شرحوں کا اطلاق 200 یونٹ سے زیادہ کے استعمال پر ہی ہوگا ) ۔