حیدرآباد۔/21مئی، ( سیاست نیوز) اوڈیشہ سے ٹاملناڈو کی سمت خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب ساحلی آندھرا، رائلسیما اور تلنگانہ کے کئی علاقوں میں آئندہ 48گھنٹوں کے دوران کہیں معمولی اور کہیں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات سے وابستہ ایک سائنسداں ڈاکٹر نرسمہا راؤ نے کہا کہ حیدرآباد اور اس کے اطراف واکناف کے علاقوں میں مطلع عام طور پر ابرآلود رہے گا۔ شہر کے چند حصوں میں بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39اور کم سے کم 27ڈگری سیلسیس رہے گا۔
ماؤ نوازوں نے کھمم میں
سیل فون ٹاور نذرِ آتش کردیا
حیدرآباد۔/21مئی، ( پی ٹی آئی) چھتیس گڑھ سے موصولہ آندھرا پردیش کے سرحدی ضلع کھمم میں ماؤ نوازوں کے ایک گروپ نے ایک خانگی ٹیلی کام ادارہ کے سیل فون ٹاور کو نذرآتش کردیا۔ یہ واقعہ رات دیڑھ اور دو بجے کے درمیان دومو گوڑم منڈل کے مضافات میں واقع کوتہ پلی گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس ٹیم اور فائر بریگیڈ عملہ مقام واقعہ پر پہنچنے سے قبل ہی سیل فون ٹاور پوری طرح خاکستر ہوچکا تھا۔ نکسلائیٹوں نے چھتیس گڑھ کو فرار ہونے سے قبل تلگو زبان میں تحریر کردہ ایک نوٹ چھوڑا جس میں سیاسی قائدین بشمول نومنتخب ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی سے کہا گیا ہے کہ وہ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کی مخالفت کریں۔
اور قبائیلیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں۔