ریاست تلنگانہ کے لیے علحدہ ایمسیٹ منعقد کرنے کا اعلان

آندھرا پردیش کونسل فارہائیر ایجوکیشن پر تنقید ،پاپی ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 29 ۔ دسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن نے تنگانہ ریاست کے لئے علحدہ طور پر ایمسیٹ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کونسل کے صدرنشین پاپی ریڈی نے اس مسئلہ پر آندھراپردیش کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے رویہ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش کی کونسل اپنے فیصلوں کو تلنگانہ پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش کی کونسل دراصل تلنگانہ کے طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تلنگانہ طلبہ کیلئے علحدہ ایمسیٹ منعقد کیا جائے گا۔ پاپی ریڈی نے بتایا کہ آندھراپردیش تنظیم جدید بل کے تحت تلنگانہ حکومت علحدہ ایمسیٹ کا اہتمام کرے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایمسیٹ کے انعقاد کے سلسلہ میں متعلقہ فائل پر دستخط کردیئے ہیں اور بہت جلد تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ایمسیٹ کی تاریخ طئے کی جائیں گی ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں علحدہ ایمسیٹ کے انعقاد سے متعلقہ فائل کو چیف منسٹر نے منظوری دیتے ہوئے اعلیٰ تعلیم کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تیاریوں کا آغاز کردیں۔ توقع ہے کہ بہت جلد اس سلسلہ میں حکومت احکامات جاری کردے گی۔ تلنگانہ حکومت نے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے مشترکہ انعقاد کی تجویز کو بھی رد کرتے ہوئے تلنگانہ طلبہ کیلئے علحدہ انٹرمیڈیٹ امتحان کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ حکومت کے اس فیصلہ پر طلبہ اور اساتذہ کی تنظیموں نے مسرت کا اظہار کیا۔