ایک لاکھ کروڑ روپئے کے خصوصی پیاکیج کا مطالبہ : کے ٹی راما راؤ
حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے ایک لاکھ کروڑ روپئے کے خصوصی پیاکیج کا اعلان کرے۔ کے ٹی آر نے آج عنبرپیٹ اسمبلی حلقہ کا دورہ کیا اور مختلف پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے گول ناکہ علاقہ میں آبپاشی نالہ کا معائنہ کیا اور مقامی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے حکومت کی اسکیمات بالخصوص ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم میں تمام مستحق افراد کو مکانات کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت تلنگانہ ریاست کے ساتھ جانبداری کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ بہار کے انتخابات سے قبل ایک لاکھ 25 ہزار کروڑ اور جموں کشمیر کیلئے 80 ہزار کروڑ کے پیاکیج کا اعلان کیا گیا لیکن نئی ریاست تلنگانہ کیلئے فنڈز کی اجرائی میں مرکز سوتیلا رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے صدر ریاستی بی جے پی کشن ریڈی پر تنقید کی اور کہا کہ وہ حکومت کی اسکیمات اور چیف منسٹر کے سی آر کو بارہا تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں جبکہ انہیں چاہیئے کہ ریاست کیلئے خصوصی فنڈز حاصل کرنے وزیر اعظم سے نمائندگی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی کو چاہیئے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے حیدرآباد کیلئے ایک لاکھ کروڑ کے خصوصی پیاکیج کی منظوری حاصل کریں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنا آسان ہے لیکن ترقیاتی اسکیمات میں تعاون مشکل ہے۔ بی جے پی کو تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کرتے ہوئے مرکز سے فنڈز کے حصول کی مساعی کرنی چاہیئے۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کو فلاحی حکومت قرار دیا اور کہا کہ حیدرآباد کے تمام مستحق غریب خاندانوں کو ڈبل بیڈروم فراہم کیا جائیگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اسکیم کیلئے درمیانی افراد کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت غریبوں کی حکومت ہے اور ان کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی بھلائی کیلئے حکومت مختلف اسکیمات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کی یکساں ترقی حکومت کا مقصد ہے اور حیدرآباد کو مثالی ترقیاتی شہر میں تبدیل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریب آٹو ڈرائیورس کیلئے ٹرانسپورٹ ٹیکس معاف کردیا ہے۔ اس کے علاوہ شہر کی تیز رفتار ترقی کا منصوبہ تیار کیا گیا۔ حیدرآباد کا احاطہ کرتے ہوئے میٹرو ریل پراجکٹ مقررہ وقت پر مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گریٹر انتخابات میں ٹی آر ایس کی تائید کریں تاکہ شہر کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس تقریب میں وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، صدر گریٹر ٹی آر ایس ایم ہنمنت راؤ اور عنبرپیٹ اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس انچارج سدھاکر ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔