اندرون دو ہفتہ حکومت کو رپورٹ ، ڈاکٹر ٹی راجیا ڈپٹی چیف منسٹر صدر نشین کمیٹی مقرر
حیدرآباد۔/31اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں سڑکوں کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے جو شہری اور دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں حکومت کو سفارشات پیش کرے گی۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے آج کابینی سب کمیٹی کی تشکیل سے متعلق جی او جاری کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا کمیٹی کے صدرنشین ہوں گے جبکہ وزیر فینانس ای راجندر، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ، وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی، وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ، وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی، وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی، وزیر جنگلات جوگورامنا اور وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی ارکان کے طور پر شامل کئے گئے ہیں۔ پرنسپال سکریٹری محکمہ پنچایت راج و دیہی ترقی کابینی سب کمیٹی کے کنوینر ہوں گے جبکہ پرنسپال سکریٹری ٹرانسپورٹ و عمارات و شوارع معاون کنوینر ہوں گے۔ یہ کمیٹی تمام دیہی سڑکوں کے نظام کی ترقی بشمول قومی شاہراہیں، ریاستی شاہراہیں، آر اینڈ بی اور پنچایت راج محکمہ جات کی سڑکوں کی ترقی کے سلسلہ میں سفارشات پیش کرے گی۔ رورل روڈ ڈیولپمنٹ اس سلسلہ میں سالانہ منصوبہ جاتی انداز میں ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا جس میں بجٹ اور سڑکوں کے معیار کو بہتر بنانے اور مختلف شہروں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے کیلئے تجاویز شامل ہوں گی۔ سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں موجودہ ٹنڈر اور کاموں کی حوالگی سے متعلق نظام کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ عدالتوں میں زیر دوران اہم مقدمات کا بھی کابینی سب کمیٹی جائزہ لے گی جو مختلف کاموں کی انجام دہی اور سڑکوں کی ترقی سے متعلق ہیں۔ یہ کمیٹی اندرون دو ہفتے اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کردے گی۔