تلنگانہ کے صنعت کاروں کے ساتھ اجلاس ، پروفیسر کودنڈا رام ، جی ویویک و دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔/28فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں کا آج حیدرآباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صدرنشین جے اے سی پروفیسر کودنڈا رام، رکن پارلیمنٹ جی ویویک اور دوسروں نے شرکت کی۔ ان قائدین نے تلنگانہ کے صنعتکاروں سے اپیل کی کہ وہ نئی ریاست تلنگانہ کی تعمیر نو میں اہم رول ادا کریں۔ کودنڈا رام نے کہا کہ نئی ریاست میں صنعتی ترقی کیلئے خوشگوار ماحول پیدا کیا جائے گا اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعہ ریاست کی ترقی میں تلنگانہ کے سرمایہ کار اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی میں تلنگانہ سرمایہ کاروں کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جنہوں نے اپنی سنجیدہ مساعی کے ذریعہ حیدرآباد کا نام دنیا میں روشن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی تلنگانہ حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔
انہوں نے صنعتوں کو مناسب برقی کی سربراہی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔کودنڈا رام نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست میں صنعتی ترقی کیلئے ساز گار ماحول پیدا کریں اور حکومت سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے ریاست کی تقسیم کے بعد چونکہ سیما آندھرا کو خصوصی موقف کا درجہ دیا ہے لہذا انہیں مزید چوکسی کی ضرورت ہے۔ رکن پارلیمنٹ جی ویویک نے تلنگانہ کے صنعت کاروں سے اپیل کی کہ وہ دنیا بھر میں حیدرآباد کی نیک نامی کو متاثر ہونے نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے ذریعہ دو علحدہ ریاستیں مختلف شعبوں میں نہ صرف ترقی کرسکتی ہیں بلکہ عوام کیلئے بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بناسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے اور یہاں موجود وسائل کے بہتر استعمال کے ذریعہ ریاست کو مثالی ترقی دی جاسکتی ہے۔ ویویک نے کہا کہ مرکزی حکومت نے جس طرح سیما آندھرا کیلئے خصوصی پیاکیج اور مراعات کا اعلان کیا ہے اسی طرح تلنگانہ کیلئے بھی خصوصی پیاکیج کی ضرورت ہے۔