ریاست تلنگانہ کی ترقی کے لیے رامناتھ کووند سے آشیرواد کی خواہش

این ڈی اے امیدوار کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو یقینی بنانے چیف منسٹر کے سی آر کا عزم
حیدرآباد ۔ 4۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رامناتھ کووند کے آشیرواد اور ان کی رہنمائی کی خواہش کی ہے۔ رامناتھ کووند کے اعزاز اور تائید کے اعلان کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کووند کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو یقینی قرار دیا اور ٹی آر ایس کی مکمل تائید کا اعلان کیا۔ کے سی آر نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں تلنگانہ ریاست کی ترقی میں رامناتھ کووند کا آشیرواد حاصل رہے گا اور وہ تلنگانہ حکومت کی رہنمائی کریں گے ۔ انہوں نے رامناتھ کووند کی کامیابی اور صدارتی عہدہ پر بہتر کارکردگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست جو طویل جدوجہد کے بعد قائم ہوئی ہے، تمام شعبوں میں تیزی سے ترقی کی سمت گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ طویل جدوجہد کے بعد میری ریاست حاصل ہوئی، 2 جون 2014 ء کو جس وقت تلنگانہ ریاست کا قیام عمل میں آیا اور اسے کئی مسائل کا سامنا تھا ۔ ریاست میں برقی کا شدید بحران تھا اور روزانہ برقی کی سربراہی منقطع کی جاتی تھی۔ ہم نے اس مسئلہ کی یکسوئی کی ۔ اتنا ہی نہیں کہ مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ تلنگانہ ریاست اب برقی کے شعبہ میں فاضل برقی رکھنے والی ریاست کا موقف حاصل کرچکی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انتہائی کم مدت میں تلنگانہ نے کئی شعبوں میں ترقی کی ہے۔ تلنگانہ ریاست کی سالانہ ترقی کی شرح 17.8 فیصد ہے اور تلنگانہ ملک کی تیز رفتار ترقی کرنے والی ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ماہانہ ایک ہزار روپئے کے حساب سے 38 لاکھ افراد کو وظائف دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مختلف فلاحی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی ایس ٹی طبقات کیلئے 22400 کروڑ پر مشتمل سب پلان تیار کیا گیا اور اس پر عمل آوری کیلئے قانون سازی کی گئی ۔ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں۔ اس طرح غریب خاندانوں کی عزت نفس میں اضافہ ہوگا۔ ریاست میں ٹی ایس آئی پاس کے ذریعہ نئی صنعتی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے ۔ اس کے تحت 4026 درخواستوں کی جانچ کی گئی اور تمام درخواستوں کو اندرون 15 یوم منظوری دی گئی۔ ریاست کو گزشتہ دو برسوں میں ’’ایز آف ڈوئینگ بزنس‘‘ میں مسلسل پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ صدارتی عہدہ کیلئے رامناتھ کووند کے نام کی تجویز پیش کرنا ان کیلئے باعث فخر ہے۔ انہیں یقین ہے کہ رامناتھ کووند اپنے تجربہ اور انتظامی صلاحیتوں کے سبب صدارتی عہدہ کی شان میں اضافہ کریں گے ۔ چیف منسٹر نے امید ظاہر کی کہ کووند ملک میں جمہوری اقدار میں اضافہ کرنے کے اقدامات کریں گے۔ کے سی آر نے ملک کی ترقی کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کی مساعی کی ستائش کی۔ اس تقریب میں مرکزی وزراء بنڈارو دتاتریہ ، ایم وینکیا نائیڈو ، ٹی آر ایس پارلیمانی پارٹی قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ لوک سبھا میں پارٹی قائد جتیندر ریڈی ، بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن ، بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری مرلی دھر راؤ اور ٹی آر ایس کے عوامی نمائندوں ضلع پریشد صدورنشین ، میئرس اور کارپوریٹرس نے شرکت کی۔ کیشو راؤ نے استقبال کیا جبکہ جتیندر ریڈی نے شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں حیدرآباد پہنچنے پر حکومت کی جانب سے ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری ، محمد محمود علی ، ریاستی وزراء ، این نرسمہا ریڈی ، ای راجندر ، ہریش راؤ ، کے ٹی آر ، پوچارم سرینواس ریڈی ، ٹی سرینواس یادو مہیندر ریڈی ، جوگو رمنا، لکشما ریڈی ارکان پارلیمنٹ کیشو راؤ ، جتیندر ریڈی اور دوسروں نے رامناتھ کوووند کا استقبال کیا۔