ریاست تلنگانہ کی ترقی ٹی آر ایس حکومت کی اولین ترجیح

گوشہ محل کے سینکڑوں نوجوانوں کا پارٹی میں استقبال ، ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔14ستمبر(سیاست نیوز) گوشہ محل کے سینکڑوں نوجوانوں کی ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت کے موقع پر مذکورہ نوجوانوں کا استقبال کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ ریاست جناب محمد محمود علی نے تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی میں شامل ہوکر گوشہ محل کے نوجوانوں نے نہ صرف پارٹی کو شہر حیدرآباد میں مضبوط ومستحکم کرنے کاکام کیاہے بلکہ سنہری تلنگانہ ریاست کے خواب کی تکمیل کے لئے پارٹی سربراہ وچیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو کے ہاتھ مضبوط کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ ترقی یافتہ تلنگانہ ٹی آر ایس حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے جس کو پورا کرنے کے لئے عوام کاتعاون ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 105دنوں کی حکومت میں ہم نے بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے کی جوکوششیں کیں ہیں۔ ان تمام کی کامیابی عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پینے کے پانی کی سہولت‘ موثر برقی سربراہی ‘ بہتر ڈرنیج نظام کی فراہمی حکومت کے لئے ایک بڑا چیالنج ہے جس سے نمٹنے کے لئے تلنگانہ حکومت سنجیدہ لائحہ عمل تیارکررہی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ شہر حیدرآباد میںآصف جاہی دور کی آبرسانی اور ڈرینج لائن سے ہی کام چلایا جارہاہے اورپچھلے ساٹھ سالوں میںمذکورہ لائنس کو تبدیل کرنے میںسابق حکومتوں کاغیرسنجیدہ رویہ شہریوں کو آلودہ پانی کی سربراہی کاسبب بن رہا ہے۔ جناب محمد محمود علی نے کہاکہ شہر حیدرآباد کے بشمول پورے تلنگانہ میں پینے کا پانی ہر گھر تک پہنچانے کے لئے تلنگانہ حکومت جامع اندا ز میںکام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے دونوں شہروں سے پارٹی کے نمائندوں کی کامیابی ٹی آر ایس کے بنیادی مقصد شہر حیدرآباد کی بے مثال ترقی کی ضمانت ثابت ہوگا۔ انہوں نے ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہاکہ شہر حیدرآباد میں ٹی آر ایس پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے نوجوانوں کو پارٹی کارکنوں کی حیثیت سے ہروقت متحرک رہنا ضروری ہے ۔