حیدرآباد ۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) ملک گیر سطح پر تعلیمی شعبہ میں ریاست تلنگانہ کو سرفہرست بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر امور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں ہر سطح پر ہر تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ممکنہ کوششوں کا آغاز کردیا گیا اور ان ہی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر کے حلقہ اسمبلی گجویل میں گورنمنٹ ڈگری کالجوں اور گورنمنٹ اسکولس کی تعمیر کیلئے اراضیات کی نشاندہی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیداروں سے تفصیلات اکھٹا کی جارہی ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر امور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے پرزور الفاظ میں کہا کہ 100 کروڑ روپیوں کے مصارف سے گجویل کو ’’ایجوکیشن ھب‘‘ بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ حکومت شعبہ تعلیم کو ترقی دینے کیلئے مؤثر و مثبت اقدامات کرے گی۔ علاوہ ازیں مسٹر سری ہری نے اس بات کا انکشاف کیا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے گجویل میں مختلف نئے تعلیمی ادارے قائم کرنے اپنی کوششوں کا آغاز کیا ہے اور حلقہ اسمبلی گجویل کی ہمہ جہتی ترقی کے ذریعہ ریاست تلنگانہ میں ہی ایک مثالی حلقہ بنانے کے اقدامات کررہے ہیں۔