ریاست تلنگانہ میں مزید بارش کی پیش قیاسی

حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : شمال مغرب مانسون کی ابتداء کے بعد سے تلنگانہ اور آندھرا میں بارش کی صورتحال کم اور زیادہ دیکھی گئی ۔ درحقیقت گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست تلنگانہ میں مانسون پھر سے سرگرم ہوگیا جس کے نتیجہ میں زیادہ بارش دیکھی گئی ۔ تلنگانہ کے کئی مقامات پر اوسط تا شدید بارش ریکارڈ کی گئی ۔ لیکن آندھرا اور رائلسیما علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں صبح ساڑھے آٹھ بجے سے نلگنڈہ 75 ایم ایم ، کھمم 53 ایم ایم ، راما گنڈم 27.4 ایم ایم ، عادل آباد 19 ایم ایم ، نظام آباد 16.3 ایم ایم ، ہنمکنڈہ 15.4 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ آندھرا پردیش کے ضلع وشاکھا پٹنم میں 0.2 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ جب کہ صدر مقام حیدرآباد میں شدید یعنی 64 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اسکائی میٹ موسمی پیش قیاسی کے بموجب تلنگانہ کے جنوب اور آندھرا کے شمالی ساحل علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش ہوسکتی ہے ۔ اس دوران رائلسیما اور شمالی آندھرا ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ علاقہ میں متوسط ہوائیں اور آسمان ابر آلود ہونے کے ساتھ درجہ حرارت میں گراوٹ کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور دو تا تین روز بارش جاری رہے گی ۔۔