حیدرآباد ۔ 8 ؍ مارچ ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ امتحانات کا آج سے آغاز ہوگا ۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں جملہ 9 لاکھ 73 ہزار 237 امیدوار حصہ لیں گے ۔ پیر سے شروع ہونے والے ان امتحانات میں سال اول کے 4 لاکھ 66 ہزار امیداور شامل ہیں ۔ انٹرمیڈیٹ سال دوم میں 5 لاکھ 6 ہزار امیدوار حصہ لیں گے ۔ انٹر سال اول امتحانات کا آغاز 9 مارچ سے ہوگا اور 11 مارچ سے سال دوم کے امتحانات کا آغاز ہوگا ۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے طلبہ کے سالانہ امتحانات کے سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور امتحانات کے دوران بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے 24 گھنٹے ہیلپ لائن کے طور پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ امتحانات کی موثر نگرانی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ کنٹرول روم کا فون نمبر : 24601010 ہوگا جبکہ فیاکس نمبر : 040-24655025 ہوگا ۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی جانب سے قائم کئے گئے اس کنٹرول روم کے ذریعہ پرامن امتحانات کے انعقاد کے علاوہ انتظامی امور و دیگر سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا جاتا رہے گا ۔ 9مارچ تا 23 مارچ منعقد ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے لئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے 1251 امتحانی مراکز قائم کئے ہیں جہاں طلبہ کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے ۔