ریاست تلنگانہ اور عوام کی ہر ممکنہ مدد کرنے مرکز کوشاں

نئی دہلی /6 فروری ( آئی این این ) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے نئی دہلی کا دورہ کرتے ہوئے آج مختلف قائدین سے ملاقات کی ۔ مرکزی وزیر اسٹیل و معدینیات نریندر سنگھ تومر سے ادیوگ بھون کے آفس میں ملاقات کی ۔ ان کے ہمراہ مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ تھے ۔ اس ملاقات کے دوران تلنگانہ کے ضلع کھمم میں واقع بیرام مائنس کے اطراف و اکناف میں واقع علاقوں میں سرمایہ کاری و صنعت کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس سلسلے میں اپنی جانب سے مکمل حمایت کرنے کا تیقن دیتے ہوئے تومر نے کہا کہ ہم جو کچھ کرسکتے ہیں تلنگانہ ریاست اور عوام کیلئے کریں گے ۔ اس ملاقات کے دوران سکریٹری وزارت اسٹیل راکیش سنگھ ، چیف سکریٹری برائے تلنگانہ راجیو شرما ، سینئیر سیاست دانوں اور تلنگانہ کے بیوروکریٹس کے علاوہ وزارت اسٹیل و مائنس کے عہدیدار بھی موجود تھے ۔ کرناٹک کے بعض علاقوں میں اشد ضرورت کا اشارہ دیتے ہوئے کے سی آر نے متاثرہ علاقوں میں لوہے کی صنعت کے قیام کیلئے مرکزی حکومت سے مدد کرنے کی خواہش کی ۔ اسٹیل اتھاریٹی آف انڈیا لمیٹیڈ کی جانب سے پہلے ہی کروائے گئے سروے کے مطابق راکیش سنگھ نے اجلاس میں ارکان کو بتایا کہ بڑی صنعتیں جہاں بھی قائم کی جانے کا منصوبہ ہے اس پر مختلف میکانیزمس اور دیگر پروگراموں پر غور کیا جانا چاہئے ۔ تومر نے کہا کہ معدنیات میں بڑی صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے لوہا تیار کرنے اور اس سے مربوط دیگر کاموں کو انجام دینے کیلئے موثر کارروائی کی ضرورت ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ 2025 تک ملک میں 300 ملین ٹن اسٹیل پیدا کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ کے سی آر نے تلنگانہ ریاست کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع کیلئے مرکز پر زور دیا ۔ انہوں نے معدنیاتی شعبہ پر غور کرنے کرنے کی ضرورت ظاہر کی ۔